0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ”آپ کی صحت ہماری ترجیح“ پر عملدرآمد جاری

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کے ہسپتالوں کے اچانک دورے، صحت سہولیات کا جامع جائزہ. وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے صحت سے متعلق ویژن ”آپ کی صحت ہماری ترجیح“ کے تحت کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے سرکاری ہسپتالوں کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (ایف آئی سی) اور الائیڈ ہسپتال I اور II کے ہنگامی دورے کئے۔ دوروں کا مقصد مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، انتظامی امور اور جاری ترقیاتی کاموں کا عملی جائزہ لینا تھا۔

کمشنر کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران فیصل آباد انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں دل کے عارضہ میں مبتلا 9 لاکھ مریضوں کا علاج معالجہ کیا گیا، جبکہ وزیراعلیٰ چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت گزشتہ چھ ماہ میں ایک ہزار بچوں کی کامیاب ہارٹ سرجریز کی گئیں۔ اس کے علاوہ مریضوں کو گھر کی دہلیز پر ادویات کی فراہمی کے پروگرام کے تحت ایک سال میں اڑھائی لاکھ مریضوں تک ادویات پہنچائی گئیں۔

کمشنر فیصل آباد نے ایف آئی سی کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور سی ٹی اینجیو مشین سمیت دیگر درکار جدید طبی مشینری کی فراہمی کے لئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے 55 کروڑ روپے کی لاگت سے 280 بیڈز پر مشتمل نئے ایمرجنسی بلاک کی تعمیر کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ انتظامیہ نے آگاہ کیا کہ مریضوں کو بہتر اور بروقت علاج معالجہ فراہم کرنے کے لئے ہسپتال کو 52 اضافی ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے۔

الائیڈ ہسپتال II کے دورے کے دوران کمشنر نے صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی، جس پر ستھرا پنجاب کی ٹیم آج ہسپتال کے تمام شعبہ جات کی جامع واشنگ کرے گی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ الائیڈ ہسپتال II میں روزانہ تقریباً 5 ہزار مریض اوپی ڈی میں چیک کئے جا رہے ہیں، جبکہ الائیڈ ہسپتال I میں روزانہ 12 ہزار مریضوں کا اوپی ڈی پر چیک اپ ہو رہا ہے۔ اس وقت دونوں ہسپتالوں میں مجموعی طور پر 1600 مریض داخل ہیں جنہیں تیز رفتار طبی سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔

کمشنر کو آگاہ کیا گیا کہ سیوریج لائن بچھانے کے بعد ہسپتال کے اندرونی روڈز کی تعمیر و مرمت کے لئے تقریباً 8 کروڑ روپے درکار ہیں جس کی درخواست متعلقہ محکمہ کو ارسال کی جا رہی ہے، جبکہ ہسپتال کی مجموعی مرمت و بحالی کے لئے مزید 10 کروڑ روپے درکار ہیں، اس ضمن میں حکومت پنجاب کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

اس موقع پر کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ ہسپتالوں کو درکار وسائل کی بروقت فراہمی اولین ترجیح ہے تاکہ مریضوں کو معیاری اور باوقار علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں، اور وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق عوامی صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں