(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ڈویژنل انتظامیہ شہریوں کو میونسپل سروسز کی سو فیصد فراہمی کے لیے متحرک ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا۔ کمشنر نے ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ریونیو، کنسالیڈیشن اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کو شہر کے ہر ٹاؤن کا انچارج مقرر کر دیا۔
اجلاس میں واسا، پی ایچ اے، ایف ڈی اے، تحفظ ماحول، میونسپل کارپوریشن اور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے متعلقہ فیلڈ افسران کو ہر ٹاؤن میں کمشنر آفس کے نگران افسر کے ساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ کمشنر نے ہدایت کی کہ ہر ٹاؤن کی الگ ٹیم اپنی حدود میں موقع پر شہریوں کے مسائل حل کرائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تین روز بعد ٹاؤن وائز ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ کی جائے گی۔ کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ کمشنر آفس کے انچارج افسر کے ساتھ مؤثر کوآرڈینیشن یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مشترکہ اقدامات کے ذریعے شہریوں کو میونسپل سروسز کی بہتر فراہمی اور عوامی مسائل کا فوری حل ممکن بنایا جائے گا
