(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب/بیورو چیف منڈی بہاؤالدین )
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر منڈی بہاؤالدین سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ ڈسٹرکٹ پولیس منڈی بہاؤالدین نے ماہ رواں کے دوران آئی جی پنجاب کے احکامات کی روشنی میں سماج دشمن عناصر کے خلاف تابڑ توڑ کاروائیاں کر کے ایک کروڑ 77 لاکھ روپے سے زائد کی ویلفیئر گرانٹس جاری کر کے فلاح و بہبود میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔بیورو چیف روزنامہ سماء لاہور ضلع منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا پولیس نے اپنے افسران و جوانوں کی فلاح و بہبود کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے سال 2025 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ یکم جنوری 2025 سے 30 نومبر 2025 تک مختلف فلاحی مدات میں مجموعی طور پر 1 کروڑ 77 لاکھ 96 ہزار روپے کی خطیر رقم منظور اور تقسیم کی گئی۔اس موقع پر پبلک ریلیشنز آفیسر ٹو ڈی پی او سب انسپکٹر ریاست علی بھی موجود تھے ۔ ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے بتایا کہ اس مدت کے دوران پولیس ویلفیئر برانچ کی جانب سے 200 سے زائد کیسز نمٹائے گئے، جن میں نمایاں 46 کیسز میں ملازمین کے بچوں کی شادی کے لیے 45 لاکھ 10 ہزار روپے کے ویلفیئر گفٹس فراہم کیے گئے۔71 ہونہار بچوں کو تعلیم کے سلسلے میں 24 لاکھ 19 ہزار روپے کی اسکالرشپس جاری کی گئیں۔49 کیسز میں پولیس شہداء و متوفیان کے لواحقین اور اہل خانہ کو 17 لاکھ روپے مینٹیننس الاؤنس فراہم کیا گیا۔ 37 کیسز میں غازیوں اور خصوصی بچوں کی معاونت کے لیے 11 لاکھ 70 ہزار روپے کی گرانٹس جاری کی گئیں۔ڈی پی او سید عبدالرحیم شیرازی نے مزید بتایا کہ اسی طرح ڈسٹرکٹ پولیس کے زخمی اہلکاروں کی بحالی کے لیے 5 لاکھ 80 ہزار روپے کی خصوصی امداد بھی جاری کی گئی۔ جب کہ فلاحی سہولیات میں وسعت دیتے ہوئے اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کی بہتر سہولیات کے لیے ضلع پولیس نے 12 تعلیمی اداروں اور 11 ہسپتالوں کے ساتھ باضابطہ مفاہمتی یادداشتیں (MOUs) بھی طے کی ہیں، تاکہ انہیں معیاری تعلیمی و طبی سہولیات رعایتی بنیادوں پر فراہم کی جا سکیں۔ ڈی پی او نے کہا منڈی بہاؤالدین پولیس اس عزم کا اظہار کرتی ہے کہ وہ اپنے افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود کے سفر کو اسی تسلسل کے ساتھ جاری رکھے گی، تاکہ وہ اطمینانِ قلب کے ساتھ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر سکیں۔
