(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب ڈویژنل بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
مون سون سے قبل نالوں کی صفائی کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کیا جائے گا تاکہ پانی کے بہاؤ کو بہتر بنایا جا سکے، ایم ڈی واسا علی احمد
منیجنگ ڈائریکٹر واسا منڈی بہاؤالدین علی احمد چوہدری نے کہا ہے کہ شہر میں نالوں کی صفائی کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ مون سون سیزن سے قبل صفائی کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل کر لیا جائے گا تاکہ بارشوں کے دوران پانی کے بہاؤ میں بہتری لائی جا سکے۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ بیورو چیف سماء لاہور اور نمائندہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ واسا کی جانب سے شہر میں صفائی کے کام کو ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ممکنہ مسائل سے بچایا جا سکے۔
ایم ڈی واسا علی احمد نے بتایا کہ واسا منڈی بہاؤالدین کی جانب سے کنزیومر سروے کا عمل بھی تیزی سے جاری ہے اور امید ہے کہ یہ سروے رواں ماہ کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت منڈی بہاؤالدین شہر میں صرف 15 فیصد شہریوں کو واٹر سپلائی جبکہ 25 فیصد شہریوں کو سیوریج کی سہولت میسر ہے۔ اس صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے واسا نے نئی ڈویلپمنٹ اسکیمیں متعلقہ حکام کو ارسال کر دی ہیں۔
ایم ڈی واسا کے مطابق جب یہ ڈویلپمنٹ اسکیمیں مکمل ہو جائیں گی تو شہر کے مزید علاقوں میں واٹر سپلائی اور سیوریج کی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی، جس سے شہریوں کو بڑی حد تک ریلیف ملے گا۔
علی احمد چوہدری نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق منڈی بہاؤالدین کے شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات فراہم کرنا واسا کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کم وسائل، محدود مشینری اور افرادی قوت کی کمی کے باوجود شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔