(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمدایوب ڈسٹرکٹ بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈپٹی کمشنر منڈی بہاؤالدین عدیل حیدر چوہدری کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل راجہ حیدر عباس،اسسٹنٹ کمشنر لیفٹیننٹ اسفند یار چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن نزہت کلثوم شہزادی، ڈسٹرکٹ بیورو چیف روزنامہ سماء لاہور و نمائندہ پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب،اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ تعلیم رائے رضوان شامی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرزسمیت اساتذہ اور سکول کے بچوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر سکول کے بچوں نے ٹیبلوز ،ملی نغمے اور ملی ترانے پیش کئے جس کو حاضرین نے خوب سراہا۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عدیل حیدر چوہدری کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے ، کشمیریوں سے ان کی آزادی کا حق نہیں چھینا جا سکتا، کشمیریوں کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔پوری پاکستانی قوم بالخصو ص منڈی بہاؤالدین کے عوام کشمیری بھائیوں کی تحریک آزادی کی جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ یہاں پر موجود عوام نے بھارت سمیت دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ بھارت ظلم و جبر کے ذریعے کشمیری عوام کو آزادی حاصل کرنے سے نہیں روک سکتا۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی قیادت میں بہترین خارجہ پالیسی نے بھارت کو کشمیر کے حوالے سے اقوام عالم میں تنہا کر دیا ہے، مظلوم و نہتے کشمیریوں پر بھارت کے ظلم و بربریت نے علاقائی امن کوداﺅ پر لگا دیا ہے ،عالمی اداروں کو کشمیر کی سنگین صورتحال کو فوری نوٹس لینا چاہیئے۔پاکستانی عوام کی کشمیری بھائیوں کے ساتھ محبت نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنی حقیقی آزادی حاصل کریں گے اور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔
