ڈائر یکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر 0

منڈی بہاؤالدین میں پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کا ایک روزہ ایجوکیشن فیملی میلہ

(Publish from Houston Texas USA)

(راجہ محمد ایوب ڈسٹرکٹ بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)

ڈائر یکٹر جنرل پاپولیشن ویلفیئر محکمہ صحت و آبادی پنجاب کے احکامات پر ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفس کے زیر اہتمام پنجاب فیملی پلاننگ پروگرام کے تحت پنجاب کالج پھالیہ میں ایک روزہ ایجوکیشن فیملی میلہ کا انعقاد کیا گیا۔میلہ کا افتتاح مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد نے کیا۔ میلہ میں ڈپٹی ڈائریکٹر/ ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفئیر آفیسر منڈی بہاؤالدین محمد آصف نوید ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد افتخار، راجہ جاوید سرور،راجہ حمزہ ایوب سمیت فیمیلیز کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کرن ارشد کا میلے کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بڑ ھتی ہوئی آبادی قومی مسئلہ ہے۔ وسائل اور آبادی میں توازن سے ہی ملک خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا۔سی ای او ہیلتھ کا کہنا تھا کہ خواتین کو برابری کے حقوق دینا اور ان کی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا وقت کی ضرورت ہے۔کم عمری میں بچیوں کی شادی سائنسی اور آئینی لحاظ سے نقصان دہ ہے، اس سے بچا جائے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر افتخار اور ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر/ڈپٹی ڈائریکٹر محمد آصف نوید کا کہنا تھا کہ میلے کے انعقاد کا بنیادی مقصد عوام الناس خصوصا فیمیلیز کو تفریح کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل اجاگر کرنا ، ماں بچے کی صحت کے حوالے سے احتیاطی تدابیر ، ماں بچے کی صحت کے لیے بچوں کی پیدائش میں مناسب وقفے کی اہمیت ، جدید مانع حمل طریقوں اور ادویات کے استعمال بارے آگاہی فراہم کرنا اور نوزائیدہ بچوں کے لیے ماں کے دودھ کی اہمیت بارے شعور اجاگر کرنا بھی ہے۔ مقابلہ جات میں شرکت کرنے والے شرکاءمیں شیلڈز اور انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں