0

منڈی بہاؤالدین میں موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کا آغاز

(از: راجہ محمد ایوب، منڈی بہاؤالدین، نامہ نگار)

منڈی بہاؤالدین میں شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور پولیس سروسز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کا افتتاح کر دیا گیا۔ افتتاحی تقریب میں ضلعی پولیس افسران، ٹریفک پولیس اہلکاروں، میڈیا کے نمائندوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈی ایس پی ٹریفک منڈی بہاؤالدین راشد بشیر نے کہا کہ موبائل تھانے کا مقصد شہریوں کو پولیس اور لائسنسنگ کی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں تھانوں یا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر کے چکر لگانے کی ضرورت نہ پڑے۔ اس یونٹ کے ذریعے شہری ایف آئی آر درج کر سکیں گے، ڈرائیونگ لائسنس کے اجراء اور تجدید کا عمل مکمل کر سکیں گے، ساتھ ہی ٹریفک جرمانے اور دیگر قانونی معاملات میں رہنمائی بھی حاصل کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ موبائل پولیس اسٹیشن جدید ٹیکنالوجی سے لیس ہے جس میں کمپیوٹرائزڈ سسٹم، بائیو میٹرک تصدیق اور آن لائن ڈیٹا اپ ڈیٹ کی سہولت موجود ہے۔ یہ یونٹ تمام تصدیقی عمل اور لائسنسنگ کے معاملات کو موقع پر ہینڈل کرنے کا مجاز ہوگا۔

ڈسٹرکٹ ٹریفک آفیسر چوہدری راشد بشیر کھٹانہ نے بیورو چیف سماء لاہور اور پی ٹی وی نیوز منڈی کے نمائندہ بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موبائل یونٹ ایک مقررہ شیڈول کے مطابق مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا اور شہریوں کو پیشگی اطلاع دی جائے گی تاکہ وہ موقع پر ہی اپنا کام مکمل کر سکیں۔ اس اقدام سے خاص طور پر دیہی علاقوں کے رہائشیوں کو فائدہ پہنچے گا جنہیں پہلے پولیس اسٹیشن یا لائسنس آفس جانے کے لیے طویل فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور اعلیٰ پولیس افسران کی ہدایات پر یہ منصوبہ جدید پولیسنگ کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے شہریوں اور پولیس کے درمیان اعتماد کو تقویت ملے گی۔ پولیس کا مقصد نہ صرف قانون کا نفاذ ہے بلکہ عوام کو سہولت فراہم کرنا اور ان کا اعتماد حاصل کرنا ہے۔ شہریوں کی سہولت کے لیے موبائل یونٹ میں خواتین کے لیے علیحدہ کاؤنٹر، آرام دہ انتظار گاہ اور ایف آئی آر کے اندراج کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کیا گیا ہے۔ تمام آپریشنز کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے ذریعے محفوظ کیا جائے گا۔ اس موقع پر سٹیشن ہیڈ ٹریفک پولیس انچارج سب انسپکٹر چوہدری جمشید رانجھا نے کہا کہ اگر یہ موبائل یونٹ باقاعدگی سے ہر علاقے کا دورہ کرے تو یہ عوامی خدمت کی بہترین مثال ثابت ہو گا۔

ٹریفک پولیس انسپکٹر تبسم نوید بھٹی، انسپکٹر ٹریفک چوہدری مسرت اقبال گوندل نے بتایا کہ اس ماڈل کی کامیابی کے بعد ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی اسی نوعیت کے مزید موبائل یونٹ متعارف کرائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو پولیس کی خدمات ان کے قریبی مقام پر حاصل ہو سکیں۔

افتتاح کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد نے موبائل یونٹ کا معائنہ کیا اور پولیس حکام سے سوالات کئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق یہ یونٹ ہفتے کے مخصوص دنوں میں مختلف علاقوں کا دورہ کرے گا، جب کہ اس کے اوقات کار اور مقامات کی پیشگی اطلاع دی جائے گی۔

منڈی بہاؤالدین میں موبائل پولیس اسٹیشن اور لائسنسنگ یونٹ کا قیام پولیس سروسز کا ایک نیا باب ہے جسے شفافیت، سہولت اور عوامی خدمت کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں