مسیحی برادری کا منشیات کریک ڈاؤن کے دوران پولیس کارروائیوں پر احتجاج 0

فیصل آباد میں مبینہ بوگس منشیات مقدمات کے خلاف مسیحی برادری کا احتجاج

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

منشیات کے کریک ڈاؤن کے دوران سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کرسچن ٹاؤن میں کھلی کچہری میں شہریوں کے تحفظات سنے

فیصل آباد: پنجاب حکومت کے منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے دوران پولیس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ نمبر بازی، آسان ٹارگٹ اور کوٹہ پورا کرنے کیلئے مسیحی آبادیوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے اور شراب کے پرمٹ ہولڈرز کے خلاف 9/B,C کے تحت مبینہ طور پر بوگس مقدمات درج کئے جا رہے ہیں، جس پر شہر کی مسیحی برادری سراپا احتجاج بن گئی۔ شکایات کے ازالے کیلئے سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے کرسچن ٹاؤن میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں مسیحی مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے تحفظات پیش کئے۔ مقامی رہنماؤں لالہ روبن ڈینیئل، پرویز اقبال بھٹی، ملک عابد ایڈوکیٹ اور دیگر نے الزام لگایا کہ پولیس منشیات فروشوں کو تحفظ دینے اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو بدنام کرنے کی سازش کے تحت بے گناہ افراد پر سنگین نوعیت کے منشیات مقدمات درج کر رہی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مسیحی برادری نے انتخابی مراحل میں سیاسی طور پر بھرپور کردار ادا کیا لیکن اب انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ مقررین نے سابق وفاقی وزیر رانا ثناء اللہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود ماضی میں ہیروئن کے مقدمے کا سامنا کر چکے ہیں، اگر ان کے اپنے شہر میں ہیروئن، چرس اور آئس جیسے الزامات کے تحت معصوم شہریوں پر مقدمات قائم ہو رہے ہیں تو اس کا نوٹس لیا جانا چاہیے۔

مسیحی رہنماؤں نے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بھی اپیل کی کہ مسیحی آبادیوں کو منشیات کا گڑھ قرار دینے کے تاثر کا نوٹس لیا جائے کیونکہ اس سے برادری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس اختیارات کا بوجھ عام شہری کی برداشت سے باہر ہوتا جا رہا ہے۔ سینیٹر سردار خلیل طاہر سندھو نے خطاب کرتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ وہ سینیٹر عابد شیر علی اور ایم پی اے میاں طاہر جمیل کے ہمراہ اس معاملے کو وزیراعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب سمیت سینیٹ میں بھی اٹھائیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی آر پی او فیصل آباد سے اس معاملے پر بات کر چکے ہیں اور کوشش کریں گے کہ متعلقہ حکام کو براہ راست متاثرہ افراد کے سامنے پیش کیا جائے، انہوں نے کہا کہ انہیں علم ہے کہ اس معاملے کے پیچھے کون عناصر سرگرم ہیں اور وہ کسی صورت مسیحی برادری کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، انہوں نے اتحاد اور قانونی جدوجہد کی ضرورت پر زور دیا

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں