(Publish from Houston Texas USA)
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
پنجاب میں جرائم کے خلاف اقدامات تیز، سی سی ڈی کو جدید ٹیکنالوجی اور وسیع اختیارات دینے کی منظوری
جرائم کے خاتمے اور عوامی پزیرائی کو دیکھتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے سی سی ڈی کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینےکا فیصلہ کیا ہے اس مقصد کے لیے سی سی ڈی کو دنیا کے پانچ بہترین جرائم کنٹرول کرنے والے اداروں کی طرز پر استوار کیا جائے گا اورجدید فارنزک، تفتیشی مہارتوں، ماڈرن ٹیکنالوجی، اے آئی سافٹ ویئر، جدید ترین انٹیلی جنس سرویلنس، مشینری اور آلات سے سی سی ڈیز کو پاکستان کے سب سے جدید ترین ادارے میں بدلا جائے گا اور مجرموں کا سراغ لگانے اور ان کی مانیٹرنگ کے جدید ترین آلات بھی فراہم کیے جائیں گے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے سی سی ڈی کا جدید ترین آلات سے لیس ہیڈکوارٹر بنانے کی بھی منظوری دے دی ۔ پنجاب کے ہر ڈویژن، ضلع اور تحصیل میں آفس، تھانے اور رہائش گاہیں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ سی سی ڈی کے اقدامات کی بدولت پنجاب میں قتل اور خواتین کے خلاف جرائم میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ۔پنجاب میں ڈکیتی کے واقعات میں گزشتہ سال کی نسبت 77فیصد کمی آئی، موبائل اور بیگ چھننے کے واقعات میں 49 فیصد، گاڑی چوری میں 17، اقدام قتل میں 31، اغوا برائے تاوان کے واقعات میں 45 فیصد کمی آئی ہے۔
وزیراعلی مریم نواز شریف نے عید الفطر کے بعد پنجاب بھر میں غیر قانونی اسلحے کے خلاف کارروائی اور خواتین پر تیزاب پھینکنے والوں سے نمٹنے کا ٹاسک بھی سی سی ڈی کو دینے کی منظوری دی۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔