(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
اب تک ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد مستحق خاندانوں کو رمضان نگہبان کارڈز کی فی کس 10 ہزار روپے کی فراہمی، تین لاکھ سے زائد خاندانوں کو شامل کرنے کا ہدف
فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ڈویژن میں مستحق خاندانوں کیلئے رمضان نگہبان کارڈز کی شفاف اور تیز رفتار تقسیم کا عمل جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ 48 ہزار 30 خاندانوں کو کارڈز کے ذریعے فی کس 10 ہزار روپے فراہم کئے جا چکے ہیں، ڈویژن بھر میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 4 ہزار 834 خاندانوں کو اس پروگرام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع فیصل آباد میں ایک لاکھ 43 ہزار 993 مستحقین میں سے 66 ہزار 128، ضلع جھنگ میں 77 ہزار 84 میں سے 38 ہزار 264، ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 46 ہزار 107 میں سے 21 ہزار 790 جبکہ ضلع چنیوٹ میں 37 ہزار 650 مستحق خاندانوں میں سے 21 ہزار 848 خاندانوں تک رمضان نگہبان کارڈز ان کی دہلیز پر پہنچائے جا چکے ہیں۔ رمضان بازاروں میں بنیادی اشیائے ضروریہ 15 فیصد رعایت پر دستیاب کمشنر نے بتایا کہ رمضان بازاروں میں آٹا، چینی، بیسن، دالیں، پھل، سبزیاں اور چکن سمیت تمام بنیادی اشیائے ضروریہ عام مارکیٹ سے 15 فیصد کم نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عام مارکیٹ میں بھی مقررہ نرخوں پر اشیاء کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے انتظامی مشینری، پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور متعلقہ عملہ متحرک ہے اور گرانفروشوں و ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، کمشنر نے واضح کیا کہ کسی کو صارفین کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔