(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق فیصل آباد ریجن کو منشیات سے پاک بنانے کے لیے سول و پولیس انتظامیہ کے مشترکہ اقدامات جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ریجنل پولیس کے زیراہتمام نارکوٹکس انویسٹی گیشن کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی سیمینار نصرت فتح علی خان آڈیٹوریم میں منعقد ہوا، جس میں کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر سہیل اختر سکھیرا اور سٹی پولیس آفیسر صاحبزادہ بلال عمر بھی موجود تھے۔
کمشنر فیصل آباد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آرپی او فیصل آباد پولیس افسران اور ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں، جبکہ ملازمین کی پروفیشنل ڈویلپمنٹ ایک احسن اور قابلِ تحسین قدم ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ایسی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا اور اگلے سیشن میں سول افسران کو بھی شامل کیا جائے گا۔ کمشنر نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا کریڈٹ آرپی او فیصل آباد کو جاتا ہے اور جلد فیصل آباد میں پنجاب کا پہلا ڈرگ ری ہیبلی ٹیشن سنٹر قائم کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے پولیس کو فرنٹ لائن آف ڈیفنس قرار دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کے شہداء، غازیوں اور حاضر و ریٹائرڈ افسران و ملازمین کے بچوں کے لیے پبلک سکولوں میں فیسوں میں خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ اس موقع پر آرپی او سہیل اختر سکھیرا نے سیمینار میں شرکت پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا اور پبلک سکولوں میں پولیس کے بچوں کے لیے فیسوں میں رعایت پر اظہارِ تشکر کیا۔ سیمینار کے اختتام پر ہال میں موجود پولیس افسران اور ملازمین نے کھڑے ہو کر کمشنر فیصل آباد اور آرپی او کا شکریہ ادا کیا۔
