(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
معاشی کانفرنس سے خطاب، 880 نئی صنعتیں رجسٹرڈ، 47 ہزار سے زائد افراد کو روزگار، تاجروں کے مسائل کے حل کی یقین دہانی۔
فیصل آباد: کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت ڈویژنل انتظامیہ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور صنعتکاروں و تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے پلیٹ فارم پر تجارتی و صنعتی انجمنوں کی معاشی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانفرنس میں گروپ لیڈر میاں محمد ادریس، صدر چیمبر شیخ فاروق یوسف، عاطف منیر شیخ، نوید اکرم شیخ، عاصم منیر سمیت دیگر عہدیداران اور مختلف انجمنوں کے صدور شریک تھے۔ پانچ گھنٹے طویل کانفرنس میں چون چون انجمنوں کے نمائندوں نے صنعتوں کی مزید ترقی کیلئے تجاویز پیش کیں۔ صنعتکاروں اور تاجروں نے ڈویژنل انتظامیہ کے جاری عوامی اقدامات کو سراہا۔ صدر چیمبر نے کانفرنس کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ کمشنر نے منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ دو سے اڑھائی برسوں کے دوران فیصل آباد میں آٹھ سو اسی نئی صنعتیں رجسٹرڈ ہوئیں اور سینتالیس ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملا۔ انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی شہر سے باہر منتقلی کے عمل میں تمام متعلقہ فریقین سے مشاورت کی جارہی ہے اور صنعتکاروں و تاجروں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں اسی سڑکوں کی مرمت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن میں سے چالیس سے زائد سڑکوں کی کولڈ ملنگ کے ذریعے مرمت مکمل ہو چکی ہے۔ ماہ صیام کے فوراً بعد مزید تیس سڑکوں پر کام شروع ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ برقی کاروباری پورٹل کے ذریعے اب اجازت ناموں کے اجراء کا عمل پہلے سے زیادہ آسان اور تیز ہو گیا ہے۔ تاجروں کی تجاویز کو اعلیٰ وفاقی اور صوبائی فورمز پر بھجوایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ فاضل پانی براہ راست نالوں میں چھوڑنے والی ڈیڑھ سو سے زائد صنعتوں کو فاضل پانی صاف کرنے کے پلانٹ لگانے میں معاونت فراہم کی جائے گی۔ شہر میں قبرستانوں کیلئے مزید جگہیں مختص کی جائیں گی۔ ڈویژن بھر میں چودہ سو سے زائد سیوریج زدہ تالابوں کی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں ہنگامی بنیادوں پر خشک کیا جا رہا ہے اور وہاں عوامی فلاح کے منصوبے بھی تجویز کئے جا رہے ہیں۔ کمشنر نے کہا کہ واسا سے متعلق تاجروں کے تحفظات دور کئے جائیں گے۔ واسا فیصل آباد بائیس سو کلومیٹر طویل سیوریج نظام کی بحالی، ڈیڑھ لاکھ سے زائد مین ہولز کی مرمت اور چوبیس ارب روپے کی لاگت سے سیوریج نظام کی بہتری کے بڑے منصوبوں پر کام کر رہا ہے جن میں پنجاب ترقیاتی پیکج کے منصوبے بھی شامل ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی سرکاری محکمے کو معائنہ کے نام پر بلاوجہ صنعتکاروں اور تاجروں کو پریشان نہیں کرنے دیا جائے گا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل کمشنر کو فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے تاکہ تاجروں اور صنعتکاروں سے مکمل رابطہ رکھا جا سکے۔ اگر کسی کو شکایت ہو تو براہ راست رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ تقریب سے صنعتکاروں نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں کمشنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔