(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق ڈویژنل انتظامیہ نے تمام ملٹی سٹوری بلڈنگز میں آگ بجھانے والے آلات نصب کرنے کے لئے ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔ اس ضمن میں سول ڈیفنس اور ریسکیو 1122 کو ہدایت کی گئی ہے کہ مارکیز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، صنعتی یونٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پبلک دفاتر اور تعلیمی اداروں کو نوٹس جاری کرکے فائر فائٹنگ آلات کی دستیابی یقینی بنوائی جائے۔ اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر کے علاوہ ریسکیو 1122، انڈسٹریز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر فیصل آباد نے ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں میں ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے موک ایکسرسائزز کا باقاعدہ انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایک ہفتے بعد وہ خود ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنرز کے ہمراہ فائر سیفٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے فیلڈ وزٹس کریں گے اور ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں جرمانے عائد کرنے کے ساتھ متعلقہ عمارت کو سیل بھی کیا جائے گا۔
