(بذریعہ: طیب حبیب خان بیورو چیف ساہیوال ڈویژن)
ضلع ساہیوال میں سیلاب زدگان کی بحالی اور امدادی سرگرمیوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والے سرکاری افسران و اہلکاروں کے اعزاز میں منٹگمری ہال میں ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ساہیوال شاہد محمود نے کی جہاں فلڈ ریلیف کے دوران شاندار کارکردگی پر افسران و اہلکاروں کو تعریفی اسناد اور شیلڈز دی گئیں تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ساہیوال نے شرکت کی۔ احمد مغل، چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عبدالمجید نیازی، چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن تنویر احمد غزالی، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد طاہر چوہدری اور محکمہ صحت کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے اپنے خطاب میں کہا کہ قدرتی آفات قوموں کے حوصلے اور نظام کی مضبوطی کا امتحان ہوتی ہیں اور ساہیوال انتظامیہ نے یکجہتی، ذمہ داری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیلاب زدگان کی بروقت امداد کو یقینی بنایا۔ انہوں نے کہا کہ فیلڈ میں کام کرنے والے افسران نے دن رات کام کر کے انتظامیہ کی شان میں اضافہ کیا اور عوام کے دل جیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کی ہدایات کے مطابق امدادی سرگرمیوں کے ہر مرحلے میں مکمل شفافیت اور موثر نگرانی کو یقینی بنایا گیا اور متاثرہ خاندانوں تک بلا تاخیر امداد پہنچائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ عوامی خدمت ہمارے عہدے کا بنیادی مقصد ہے اور ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر شاہد محمود نے بہترین کارکردگی پر افسران میں تعریفی اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں اور ان کی خدمات کو سراہا۔
