0

صنعتکاروں اور تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے: کمشنر فیصل آباد

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت صنعتکاروں اور تاجروں کو سازگار ماحول کی فراہمی ڈویژنل انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈسٹریز کی شہر سے باہر منتقلی اگرچہ وقت کی ایک اہم ضرورت ہے، تاہم اس عمل میں صنعتکاروں کی مشاورت کو مقدم رکھا جائے گا، جبکہ مراعات کی فراہمی کے لیے حکومت پاکستان اور حکومت پنجاب کو بھی تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات اپٹما ہاؤس کے دورے کے دوران پروسیسنگ یونٹس سے وابستہ صنعتکاروں سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر چیئرمین اپٹما باؤ ملک محمد اکرم، حافظ اصغر، چوہدری حمید، میاں آفتاب، محمد امجد اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔

کمشنر فیصل آباد نے ملک پور فیکٹری حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین میں صنعتکاروں کی جانب سے جمع کی گئی امدادی رقوم تقسیم کیں اور مرحومین کے لیے دعائے مغفرت کی۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی نعم البدل نہیں۔ انہوں نے ڈویژنل انتظامیہ کی تحریک پر ملک پور واقعے سے متاثرہ گھروں کی تعمیر میں صنعتکاروں کے فلاحی کردار کو بھی سراہا۔

کمشنر نے صنعتکاروں کو درپیش مسائل کے ازالے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ اگر صنعتکار نئی کاروباری سرگرمیوں کی تجاویز دیں تو انتظامیہ اراضی کی فراہمی میں تعاون کرے گی۔ انہوں نے شہر کی تعمیر و ترقی سے متعلق جاری اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

اس موقع پر صنعتکاروں نے ڈویژنل انتظامیہ کے عوامی فلاحی اقدامات کو خراج تحسین پیش کیا، بعض مسائل کی نشاندہی کی اور انڈسٹری کو شہر سے باہر منتقل کرنے سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔ تقریب کے اختتام پر کمشنر فیصل آباد کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں