(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
پہلا مرحلہ جون 2026 اور دوسرا جون 2027 تک مکمل ہوگا، صوبہ بھر میں 200 ارب روپے کی سیوریج سکیمیں شہریوں کیلئے گیم چینجر قرار
فیصل آباد: صوبائی سیکرٹری برائے ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ فیصل آباد کے سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن کیلئے 23 ارب روپے کے ڈویلپمنٹ پیکج پر باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے، منصوبے کا پہلا فیز جون 2026 جبکہ دوسرا فیز جون 2027 تک مکمل کیا جائے گا جس سے شہر میں نکاسی آب کے مسائل کا پائیدار اور جامع حل ممکن ہو سکے گا۔ انہوں نے کریسنٹ گراؤنڈ میں زیر تعمیر انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے صوبہ بھر میں 200 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج اپ گریڈیشن سکیموں پر کام جاری ہے اور یہ ترقیاتی منصوبے پنجاب کے شہریوں کیلئے گیم چینجر ثابت ہوں گے۔ صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ مون سون سیزن کے دوران بارشی پانی کی فوری نکاسی کیلئے فیصل آباد کے مختلف پونڈنگ پوائنٹس پر انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینکس تعمیر کئے جا رہے ہیں تاکہ کم سے کم وقت میں پانی کی نکاسی ممکن ہو سکے، انہوں نے واضح کیا کہ تمام ترقیاتی سکیموں میں حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، انہوں نے ہدایت کی کہ جاری منصوبوں کو رواں سال مون سون سیزن سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو فوری ریلیف مل سکے۔ اس موقع پر مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں شہر کے مختلف علاقوں میں مزید چار انڈرگراؤنڈ سٹوریج ٹینک تعمیر کئے جا رہے ہیں جن میں کریسنٹ پارک مین شیخوپورہ روڈ، جنرل ہسپتال غلام محمد آباد سے ملحقہ مقام، پاکستان چوک مین نڑوالا روڈ اور ہاکی اسٹیڈیم مدینہ ٹاؤن سوساں روڈ شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ ان چار منصوبوں پر مجموعی طور پر 87 کروڑ 57 لاکھ روپے لاگت آئے گی جبکہ کریسنٹ پارک کا منصوبہ جولائی 2026 تک مکمل کر لیا جائے گا جس سے ملت چوک میں جمع ہونے والے بارشی پانی کی فوری نکاسی ممکن ہو سکے گی
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔