(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب ڈسٹرکٹ بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں 63 قیدیوں نے قرآنِ پاک کی تعلیم مکمل کر لی
سینئر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین حق نواز کی زیر نگرانی ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی اصلاح و تربیت کے لئے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔اس حوالے سے ایک سال کے دوران ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاؤالدین میں 63 اسیران نے قرآنِ پاک کی تعلیم مکمل کی۔ یہ دینی تعلیمی پروگرام نہایت منظم انداز میں منعقد کیا گیا جس میں اسیران نے ذوق شوق اور لگن کے ساتھ حصہ لیا۔تعلیم کی تکمیل کے بعد معروف دینی ادارے جمعیت تعلیم القرآن کی جانب سے باقاعدہ امتحان لیا گیا۔امتحانی نتائج کے مطابق 63 اسیران میں سے 58 جیل اسیران کامیاب قرار پائے، جبکہ باقی اسیران کو آئندہ موقع پر دوبارہ امتحان دینے کا اہل قرار دیا گیا ہے تاکہ وہ مزید محنت کے ساتھ کامیابی حاصل کر سکیں۔سینئر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل حق نواز نے اس موقع پر اظہارِ مسرت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ بیورو چیف سماء لاہور و نمائندہ پاکستان ٹیلی ویژن پی ٹی وی نیوز منڈی بہاؤالدین راجہ محمد ایوب سے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ جیل کا مقصد صرف سزا دینا نہیں بلکہ اصلاح اور مثبت تبدیلی لانا بھی ہے۔ انہوں نے اساتذہ کرام اور منتظمین کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام اسیران کی اخلاقی اور روحانی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔