اسلام آباد: ضلعی انتظامیہ اور کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے نوتھیا، بوکرا اور سورین (H-13) کے علاقوں میں ٹیوب ویل لگا کر صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کا آغاز کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام نوتھیہ کے رہائشی عامر ظفر کی جانب سے شروع کی گئی عدالتی کارروائی کے بعد اٹھایا گیا، جس نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلاء ملک ظہیر اعوان ایڈووکیٹ اور راجہ عبدالحفیظ ایڈووکیٹ کے ذریعے علاقے میں پانی کی شدید قلت کو اجاگر کرتے ہوئے رٹ پٹیشن دائر کی تھی۔
سماعت کے دوران سی ڈی اے نے پانی کی فراہمی کی صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ پیش کی جس کے بعد حکام نے منصوبے پر فوری عملدرآمد شروع کردیا۔
مقامی باشندوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیوب ویلوں کی تنصیب سے علاقے میں دیرینہ صاف پانی کی قلت ختم ہونے کی امید ہے۔

