(Publish from Houston Texas USA)
کراچی ( شوبز رپورٹر )
عید پر اسٹیج ڈراموں سے معذرت،شوبز مصروفیات ترک عید کے بعد معیاری پروڈکشنز کا انتخاب کروں گی کینیڈا اور جاپان ٹور کی تیاری
ماڈل، اداکارہ اور میزبان پریا خان نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں انہوں نے شوبز کی تمام مصروفیات ترک کر دی ہیں اور وہ مکمل طور پر عبادات میں مشغول ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ عیدالفطر کے موقع پر بھی وہ کسی اسٹیج ڈرامے میں کام نہیں کر رہیں، لہٰذا ڈراموں کی تشہیر میں ان کا نام استعمال کرنے سے گریز کیا جائے۔
پریا خان کا کہنا تھا کہ عید کے بعد وہ صرف منتخب اور معیاری پروڈکشنز میں کام کرنا پسند کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں رقص پر مکمل عبور حاصل ہے، تاہم وہ بطور ڈانسر نہیں بلکہ ایک باوقار میزبان اور سنجیدہ اداکارہ کے طور پر اپنا مقام بنانا چاہتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہرت کی خواہش ہر فنکار کو ہوتی ہے، لیکن وہ ایک باعزت خاندانی پس منظر رکھتی ہیں اور عزت و وقار کے ساتھ نام کمانا چاہتی ہیں۔
پریا خان نے بتایا کہ نامور فنکار سلیم افریدی کے ڈرامے سلیم کا تماشہ میں ان کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا، جس سے انہیں حوصلہ اور اعتماد ملا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ عنقریب اسی ٹیم کے ہمراہ نئے اسٹیج ڈرامے کے سلسلے میں کینیڈا اور جاپان کے دورے پر بھی روانہ ہوں گی۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔