(Publish from Houston Texas USA)
(طیب حبیب خان بیورو چیف ساہیوال ڈویژن)
ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام دو روزہ ادبی و ثقافتی کانفرنس کا انعقاد جس کا عنوان “ماحولیات، ادب اور ثقافت: ایک نئے مکالمے کی تلاش“۔
کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کے لیے کروڑوں روپے کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ماحول کا تحفظ کسی ایک ادارے یا فرد کی ذمہ داری نہیں بلکہ پورے معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ وہ ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام منعقدہ دو روزہ ساہیوال ادبی و ثقافتی کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کر رہے تھے جس کا عنوان “ماحولیات، ادب اور ثقافت: ایک نئے مکالمے کی تلاش“ تھا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ پنجاب حکومت ماحول دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ الیکٹرک بسوں کا آغاز، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب اور فضائی آلودگی میں کمی کے مختلف منصوبے اسی سلسلے کی اہم کڑیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی بہتری کے لیے حکومتی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوامی شعور کی بیداری بھی ناگزیر ہے۔ افتتاحی تقریب میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ڈاکٹر نجیب جمال، سابق ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ لاہور ڈاکٹر ناصر عباس نیئر، کمانڈنٹ پنجاب پریزن اسٹاف ٹریننگ کالج ساہیوال ملک شوکت فیروز اعوان، معروف ادیب و دانشور پروفیسر ڈاکٹر روش ندیم، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز محمد عقیل اشفاق اور تقریب کے میزبان ڈائیریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی سمیت ملک بھر سے آئے ہوئے ادیبوں اور دانشوروں سمیت دیگر معزز شخصیات نے بھی شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر شعبہ اردو گورنمنٹ گریجویٹ کالج ساہیوال ڈاکٹر حنا جمشید نے سرانجام دیے۔ ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور کانفرنس کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی ماحولیاتی بحران اور موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں علمی و فکری مکالمے کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کانفرنس کے موقع پر نوجوان مصوروں کے ماحولیاتی شعور پر مبنی فن پاروں کی نمائش، ماحول دوست ثقافتی اشیاء سے آراستہ دستکاری اسٹالز اور سائنسی منصوبوں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا۔ مختلف اسکولوں کے طلبہ نے ماحولیاتی آلودگی کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے حوالے سے ٹیبلوز پیش کر کے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ کانفرنس کا مقصد ماحولیات، ادب اور ثقافت کے باہمی تعلق کو اجاگر کرتے ہوئے ایک مثبت اور تعمیری مکالمے کی بنیاد رکھنا ہے تاکہ آنے والی نسلوں کے لیے بہتر اور صاف ماحول کی راہ ہموار کی جا سکے۔
