0

تحصیل جھنگ میں سیوریج اپ گریڈیشن کا میگا منصوبہ تیزی سے جاری, پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت اربوں روپے کے منصوبوں سے شہری مسائل حل ہوں گے: کمشنر فیصل آباد

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے احکامات پر تحصیل جھنگ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت واسا کے زیرِ اہتمام پونے پانچ ارب روپے کی لاگت سے سیوریج کی اپ گریڈیشن اور بحالی کے میگا منصوبے پر تیز رفتار عملدرآمد جاری ہے، جس سے شہر کی ساڑھے چھ لاکھ سے زائد آبادی اور تین لاکھ گھروں کے سیوریج سے متعلق دیرینہ مسائل حل ہوں گے۔ علاوہ ازیں ضلع جھنگ میں مجموعی طور پر نو ارب روپے سیوریج سسٹم کی بحالی پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

یہ بات کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور نے تحصیل جھنگ کے دورے کے دوران علی آباد میں زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور دیگر متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر فیصل آباد نے زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور واسا کی جانب سے جاری اقدامات کو سراہا۔

ایم ڈی واسا نے کمشنر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت شہر کے 400 کلومیٹر طویل سیوریج نیٹ ورک کی بحالی شامل ہے۔ کمشنر فیصل آباد نے ہدایت کی کہ مون سون سے قبل مشینری بروئے کار لا کر منصوبہ مکمل کیا جائے اور ڈی سلٹنگ کے عمل کو یقینی بنایا جائے۔

کمشنر نے واسا کے قیام کے بعد عوامی شکایات کے حل اور مثبت عوامی ردِعمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوامی خدمت کا یہ تسلسل برقرار رکھا جائے۔ بعد ازاں تحصیل جھنگ کے سیٹلائٹ ٹاؤن میں 30 کنال رقبے پر محیط جدید سہولیات سے آراستہ اسٹیٹ آف دی آرٹ مریم نواز شریف فیملی پارک کو شہریوں کے لیے کھول دیا گیا۔ کمشنر نے پارک کی تزئین و بحالی کا افتتاح کیا اور مختلف تفریحی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے اسے وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے شہریوں کے لیے ایک بڑا تحفہ قرار دیا۔

کمشنر فیصل آباد نے پارک میں قائم اوپن جم، جھولے، جوگنگ ٹریک، واش رومز، فوارے، گزیبو، رات کے وقت جگمگاتی لائٹس، ہارٹیکلچر ورک اور دیگر سہولیات کو سراہا اور تفریح کے لیے آئے شہریوں سے ملاقات بھی کی۔

دورے کے دوران کمشنر نے مرکزی قبرستان میں صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ شہر کے پانچ بڑے قبرستانوں میں جنازہ گاہ، معیاری صفائی، چار دیواری اور لائٹنگ کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر فیصل آباد نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال کا بھی دورہ کیا، مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اور مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور علاج معالجے کے عمل سے متعلق دریافت کیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن بھر کے ہسپتالوں میں کڑی انسپکشن کا عمل جاری ہے تاکہ مریضوں کو تیز رفتار اور بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ہسپتال میں بیڈز کی تعداد بڑھائی جا رہی ہے اور جلد 100 نئے بیڈز کا اضافہ کر دیا جائے گا۔ کمشنر نے ہسپتال میں مشینری کی فعالیت کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ ڈویژن کے تمام ہسپتالوں کو شکایت فری بنانا ترجیح ہے۔

کمشنر فیصل آباد نے دورے کے دوران مین بھکر روڈ سے کچا ملتان لنک روڈ کی کارپٹ تعمیر کا افتتاح بھی کیا اور سڑک کے معیار کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کی تحصیلوں کے ہفتہ وار دوروں کا سلسلہ جاری ہے جس کا مقصد شہریوں کو میونسپل سروسز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چاروں اضلاع میں ہر ہفتے ایک تحصیل کو ٹارگٹ کر کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز کے تمام وسائل متعلقہ تحصیل میں منتقل کیے جا رہے ہیں اور یہ عمل مستقل بنیادوں پر جاری رہے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں