(Publish from Houston Texas USA)
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی، بیورو چیف)
بلوچستان سکیورٹی اجلاس میں وفاق اور صوبے کا مشترکہ لائحہ عمل، سکیورٹی سخت کرنے، ایف سی تعیناتی اور ایف آئی اے کو فعال بنانے پر اتفاق
— وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی مشترکہ صدارت میں پیر کو چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں ایک اعلیٰ سطحی بلوچستان سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی و صوبائی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ افغان مہاجرین کی واپسی، حوالہ ہنڈی، بھتہ خوری کے خاتمے، اسمگلنگ کی روک تھام اور دیگر اہم سکیورٹی امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران نادرا، ایف آئی اے، نیکٹا اور فیڈرل کانسٹیبلری کے سربراہان نے اپنے اداروں کی کارکردگی اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے فیڈرل کانسٹیبلری کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں دو ونگز تعینات کیے جائیں گے جبکہ بعد ازاں تقریباً 3 ہزار اہلکار صوبے کے حساس علاقوں میں تعینات ہوں گے۔
اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ بلوچستان میں ایف آئی اے کو مزید مؤثر بنایا جائے گا اور تمام خالی آسامیوں پر مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے گا، جس سے نہ صرف ادارہ مضبوط ہوگا بلکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع بھی ملیں گے۔ اجلاس میں سوشل میڈیا پر ریاست مخالف سرگرمیوں کی کڑی نگرانی پر اتفاق کیا گیا۔ ریاست اور قومی اداروں کے خلاف بے بنیاد پروپیگنڈہ پھیلانے والوں کے خلاف قانونی کارروائی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان حکومت کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے قیام کے لیے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی، جبکہ بلوچستان پولیس کی جدید تربیت اور وسائل میں اضافہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوم کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں ریاست کی عملداری ہر صورت قائم کی جائے گی اور قانون کی بالادستی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی اقدامات اور اداروں کے باہمی تعاون سے صوبے میں صورتحال بہتر ہوئی ہے اور اب احتجاج کے نام پر شاہراہیں بند نہیں ہو رہیں

اجلاس کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں مل کر بلوچستان میں پائیدار امن، ریاستی عملداری کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں گی۔ اجلاس میں دیگر شرکاء میں میر ضیاء لانگو، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، آئی جی پولیس محمد طاہر خان اور پرنسپل سیکرٹری عمران زرکون سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔