(Publish from Houston Texas USA)
رمضان میں بھی جرائم بے قابو، ہربنس پورہ سے بجلی کا میٹر تاریں کاٹ کر لے گئے
لاہور (محمد منصور ممتاز سے)
لاہور میں جرائم کی بدلتی نوعیت نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ بجلی چوری کے بعد اب بجلی کے میٹر چوری ہونے کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔ شہر کے علاقے ہربنس کے قریب بس سٹاپ ڈیال ہاوس کے ساتھ واقع ایک رہائشی گھر کے باہر نصب بجلی کا میٹر نامعلوم چور تاریں کاٹ کر لے گئے، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
متاثرہ شہری محمد مسعود بٹ کے مطابق ان کے گھر کے باہر نصب بجلی کا میٹر مکمل طور پر فعال تھا کہ نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں بجلی کی تاریں کاٹ کر میٹر اتار کر لے گئے۔ واقعہ کے بعد انہوں نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے متعلقہ دفتر میں تحریری درخواست جمع کروا دی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ پولیس کو اطلاع دینے گئے تو انہیں بتایا گیا کہ پہلے لیسکو سے تصدیق حاصل کی جائے، جس کے بعد ہی تھانے میں باقاعدہ مقدمہ درج کیا جا سکے گا۔ اس پیچیدہ طریقہ کار کے باعث متاثرہ شہری شدید ذہنی اذیت اور پریشانی کا شکار ہیں۔
محمد مسعود بٹ کا کہنا ہے کہ رمضان المبارک جیسے مقدس مہینے میں بھی جرائم پیشہ عناصر سرگرم ہیں، جو قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
قانونی ماہرین کے مطابق بجلی کے میٹر کی چوری نہ صرف چوری کے زمرے میں آتی ہے بلکہ سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے تحت بھی قابلِ سزا جرم ہے۔ اس قسم کے واقعات میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اہلِ علاقہ نے بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ پولیس گشت میں اضافہ اور نگرانی کے نظام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔