(Publish from Houston Texas USA)
رپورٹ :(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی کلیئرنس کے بغیر کسی بھی کمرشل یا صنعتی یونٹ کو کام کی اجازت نہ دی جائے۔
ضلع بھر میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منٹگمری ہال میں منعقد ہواجس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن(ر) اسامہ مجید چیمہ نے کی۔اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز ماہم واحد اور جاوید ممتاز , ایس ڈی او پیرا نعمان قیصر٫ ریسکیو 1122، میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی جس کا مقصد ضلع بھر میں آگ لگنے کے ممکنہ واقعات کی روک تھام، ہنگامی ردِعمل کی تیاری، ادارہ جاتی رابطہ کاری اور فائر سیفٹی قوانین پر عملدرآمد کا جامع جائزہ لینا تھا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن(ر) اسامہ مجید چیمہ نے کہا کہ فائر سیفٹی انسانی جانوں کے تحفظ سے براہِ راست جڑی ہوئی ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابلِ برداشت ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام بڑی عمارتوں، کمرشل پلازہ جات، مارکیٹس، فیکٹریوں، شادی ہالز، تعلیمی اداروں اور اسپتالوں میں فائر فائٹنگ آلات کی موجودگی، ان کی فعالیت اور ایمرجنسی ایگزٹس کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ فائر سیفٹی آڈٹس کو باقاعدگی سے انجام دیا جائے اور جہاں بھی فائر سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پائی جائے وہاں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بغیر فائر سیفٹی کلیئرنس کے کسی بھی کمرشل یا صنعتی یونٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ضلع ساہیوال میں فائر سیفٹی کے حوالے سے عوامی آگاہی مہمات شروع کی جائیں گی جن کے تحت شہریوں، دکانداروں اور صنعتی ورکرز کو آگ سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اور ہنگامی صورتحال میں درست ردِعمل سے آگاہ کیا جائے گاجبکہ متعلقہ اداروں کے مابین مشترکہ موک ایکسرسائززکے انعقاد پر بھی اتفاق کیا گیا تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی کو یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس کے دوران ریسکیو 1122 کی جانب سے دستیاب وسائل، رسپانس ٹائم اور درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ متعلقہ محکموں نے فائر سیفٹی کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی تجاویز پیش کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن(ر) اسامہ مجید چیمہ نے تمام اداروں کو باہمی تعاون، ذمہ داری کے احساس اور فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنائے گی۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔