0

ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول عمارات میں فائر سیفٹی اقدامات مزید سخت, ڈی جی ایف ڈی اے کی بلڈنگ انسپکٹرز کو متحرک رکھنے اور روزانہ رپورٹنگ کی ہدایت

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: حکومتِ پنجاب کی ہدایات کی تعمیل میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں قائم کثیر المنزلہ عمارات میں فائر سیفٹی اقدامات کو مسلسل چیک کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے اس ضمن میں ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ سے مضبوط رابطہ رکھنے پر بھی زور دیا۔

یہ ہدایات ایک اجلاس کے دوران جاری کی گئیں جس میں حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند، ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج اور سہیل مقصود پنوں، ڈائریکٹر آئی ٹی یاسر اعجاز چٹھہ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ہدایت کی کہ بلڈنگ انسپکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں میں متحرک اور فعال رکھا جائے اور ملٹی اسٹوری عمارات، مارکیز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز، صنعتی یونٹس، ہاؤسنگ سوسائٹیز، پبلک دفاتر اور تعلیمی اداروں سمیت دیگر کاروباری عمارات کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ آگ بجھانے والے آلات کی دستیابی، درست برقی تنصیبات، ہنگامی صورتِ حال میں محفوظ خارجی راستوں اور ممکنہ خطرات یا حادثات کا باعث بننے والے دیگر عوامل کی نشاندہی اور تدارک کے لیے جائیداد مالکان میں آگاہی پیدا کی جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ کسی بھی مقام پر فائر سیفٹی اقدامات میں کمی یا خامی کی صورت میں فوری طور پر ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس حکام کو مطلع کیا جائے۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق عمارات میں خدانخواستہ آتشزدگی یا دیگر حادثات کی پیشگی بنیادوں پر روک تھام کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جائے تاکہ تمام متعلقہ محکمے باہمی اشتراک سے فائر سیفٹی اقدامات کو مؤثر بنا سکیں۔ انہوں نے افسران کو بلڈنگ انسپکٹرز کی کارکردگی کی مانیٹرنگ اور روزانہ انسپکشن رپورٹس حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں