0

ایف ڈی اے کی شاندار ریکوری، چھ ماہ میں 55 کروڑ 18 لاکھ روپے کے واجبات وصول

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

نادہندگان کے خلاف بھرپور ریکوری مہم جاری، ناقص کارکردگی پر جواب طلبی کا حکم . فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے) نے گزشتہ چھ ماہ کے دوران 55 کروڑ 18 لاکھ روپے کے واجبات وصول کر لیے ہیں جبکہ بقایا جات کے نادہندگان کے خلاف بھرپور ریکوری مہم بھی جاری ہے۔ یہ بات ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر منعقدہ اجلاس میں بتائی گئی جس کی صدارت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند نے کی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن، ڈائریکٹرز اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج اور سہیل مقصود پنوں، ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس حمیرا اشرف، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ولید خالد، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ریکوری میاں اختر سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران صدر اجلاس نے تمام شعبوں کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ریکوری کے اعداد و شمار چیک کئے اور ریونیو میں مزید اضافہ کے لئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے چھ ماہ میں اسٹیٹ مینجمنٹ ٹو سے 17 کروڑ 89 لاکھ 52 ہزار روپے، ٹاؤن پلاننگ ٹو سے 15 کروڑ 85 لاکھ 51 ہزار روپے، اسٹیٹ مینجمنٹ ون سے 11 کروڑ 15 لاکھ 39 ہزار روپے، ٹاؤن پلاننگ ون سے 8 کروڑ 63 لاکھ 64 ہزار روپے، سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کے جرمانوں کی مد میں 22 لاکھ 18 ہزار روپے، شعبہ کچی آبادی سے 1 کروڑ 12 لاکھ 73 ہزار روپے، ٹیسٹنگ لیبارٹری سے 15 لاکھ 46 ہزار روپے جبکہ شعبہ آئی ٹی کی سروسز سے 13 لاکھ 97 ہزار روپے کی وصولی کی گئی۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے ریونیو ریکوری کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سنجیدگی، محنت اور توجہ کے ساتھ فرائض انجام دے کر ادارے کے ذرائع آمدن میں مزید اضافہ کیا جا سکتا ہے، اس لئے ریونیو میں اضافے کے اقدامات کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے ریونیو سٹاف کی انفرادی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے بعض اہلکاروں کی سست روی پر برہمی کا اظہار کیا اور ناقص کارکردگی کے حامل سٹاف سے جواب طلبی کی ہدایت کی۔
اے ڈی جی نے مختلف شعبوں کو ریونیو ریکوری کے اہداف تفویض کرتے ہوئے کہا کہ سو فیصد نتائج کے حصول کے لئے مؤثر اور ٹھوس حکمت عملی اپنائی جائے۔ انہوں نے جائیدادوں کی کمرشلائزیشن کے امور پر کڑی نظر رکھنے اور منظوری کے لئے موصول ہونے والی درخواستوں کو بلا تاخیر نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں افسران نے اپنے اپنے شعبوں میں ریونیو وصولی کی موجودہ صورتحال اور آئندہ اقدامات سے متعلق تفصیلی آگاہی دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں