0

ایف ڈی اے کا گلستان کالونی میں گرینڈ آپریشن، اکبر آباد چوک تجاوزات سے مکمل طور پر پاک

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے گلستان کالونی میں اکبر آباد چوک پر گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کر دیا جس سے عوامی مشکلات کا مؤثر ازالہ ممکن ہوا۔ آپریشن کے دوران بھاری مشینری کے ذریعے پختہ تجاوزات کو مسمار کیا گیا جبکہ عوامی راستوں پر رکھا گیا کاروباری سامان قبضے میں لے لیا گیا۔ تجاوزات میں ملوث 10 دکانداروں کے چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے نے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے گلستان کالونی اکبر آباد چوک سے تمام تجاوزات فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کیے۔ ان ہدایات پر ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ جنید حسن منج کی زیر نگرانی اسٹیٹ آفیسر انیب اسلم رندھاوا، انسپکٹر ثناء اللہ اور دیگر عملے پر مشتمل ایف ڈی اے کی اینٹی انکروچمنٹ ٹیم نے کارروائی کی۔ آپریشن کے دوران پکے تھڑے، کاؤنٹرز اور دیگر ناجائز تعمیرات مسمار کی گئیں جبکہ برگر، شوارما، بار بی کیو اور دیگر خوردنی اشیاء کے اسٹالز ہٹا کر عوامی راستوں کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا۔

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے کے حکم پر اینٹی انکروچمنٹ ٹیم رات گئے تک موقع پر تعینات رہی تاکہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہو سکیں۔ ڈی جی نے ہدایت کی کہ عوامی سہولت کے پیش نظر اس چوک کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے کی کوشش کرنے والوں کو پولیس کے حوالے کیا جائے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے دکانداروں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی مقررہ حدود میں رہتے ہوئے کاروبار کریں اور سڑکوں و عوامی راستوں کو تجاوزات کے ذریعے بند کرنے سے گریز کریں، بصورت دیگر باز نہ آنے والوں کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں گے

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں