انسپکٹر رانا شاہد شہید 0

ستھرا پنجاب کے دعوے بلند، شہید کی یادگار گندگی میں بند

(Publish from Houston Texas USA)

لاہور ( محمد منصور ممتاز سے )

انسپکٹر رانا شاہد شہید کی یادگار ، چار سو کچرے کی بھرمار

لاہور کے علاقے کینال بنک ہاوسنگ اسکیم ،طفیل بلاک میں واقع انسپکٹر رانا شاہد شہید چوک، جو ایک بہادر سپوت کی یاد میں منسوب کیا گیا تھا، آج کل انتظامی غفلت کے باعث کچرے کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے۔ چوک کے اطراف جگہ جگہ کوڑا کرکٹ کے تھیلے اور گندگی کے انبار دیکھے جا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف ماحول آلودہ ہو رہا ہے بلکہ شہید کی یادگار کی حرمت بھی مجروح ہو رہی ہے۔
یاد رہے کہ اسی مقام پر انسپکٹر رانا شاہد کو شہید کیا گیا تھا، جس کے بعد علاقہ مکینوں اور متعلقہ حکام کی جانب سے اس چوک کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا اور یادگاری بورڈ نصب کیا گیا تاکہ ان کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جا سکے۔ تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اس مقام کی دیکھ بھال نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ شہداء کی قربانیوں کا احترام زندہ قوموں کی پہچان ہوتا ہے، مگر افسوس کہ یہاں صورتِ حال اس کے برعکس نظر آ رہی ہے۔ شہریوں نے متعلقہ اداروں کی مبینہ لاپرواہی پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔
محمد عامر بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ جس مقام کو شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہو وہاں کچرے کے ڈھیر لگ جانا افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے فوری صفائی اور مستقل بنیادوں پر نگرانی کا مطالبہ کیا۔
سرور عالم کا کہنا تھا کہ اگر اس چوک کو باقاعدہ طور پر شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے تو اس کی حرمت کا خیال رکھنا بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔ گندگی کے باعث نہ صرف شہری اذیت کا شکار ہیں بلکہ شہید کی یاد گار بھی متاثر ہو رہی ہے۔
محمد انعام نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی خاموشی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ چوک کی صفائی کے ساتھ ساتھ اس کی تزئین و آرائش بھی کی جائے تاکہ یہ مقام باعثِ فخر بن سکے۔
محبوب عالم نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ فوری اور مستقل سدباب نہ کیا گیا تو شہری احتجاج پر مجبور ہوں گے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ یہاں باقاعدہ صفائی کا شیڈول مقرر کیا جائے اور ذمہ دار اہلکاروں کا تعین کیا جائے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لے کر انسپکٹر رانا شاہد شہید چوک کی صفائی اور دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس مقام کی حرمت بحال ہو سکے۔

مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں