(Publish from Houston Texas USA)
(راجہ محمد ایوب ڈسٹرکٹ بیورو چیف منڈی بہاؤالدین)
اسسٹنٹ کمشنر اسفند یار کی ہدایت: رمضان سہولت بازار میں عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء، صفائی ستھرائی اور مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے
اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاءالدین لیفٹیننٹ (ر) اسفند یار نے شہر میں قائم رمضان سہولت بازار کا اچانک دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر مارکیٹنگ مارکیٹ کمیٹی غلام جیلانی کے ہمراہ مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کے معیار، سرکاری نرخوں کے مطابق قیمتوں اور اشیاء کی وافر دستیابی کو چیک کیا۔ انہوں نے آٹا، چینی، دالوں، سبزیوں اور پھلوں کے سٹالز کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ عوام کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیاء کی فراہمی سمیت صفائی ستھرائی، قطاروں کے نظم و ضبط اور سکیورٹی کے مناسب انتظامات برقرار رکھے جائیں تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق رمضان المبارک میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ رمضان سہولت بازاروں کی باقاعدہ مانیٹرنگ جاری رہے گی۔ شہریوں نے رمضان سہولت بازار میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔
مزید معلومات کے لیے براہ کرم ہماری قومی خبریں دیکھیں۔