(Publish from Houston Texas USA)
(میاں افتخار احمد)
فیصل آباد: مینجنگ ڈائریکٹر واسا ثاقب رضا نے کمرشل صارفین کی تعداد میں اضافہ اور ریونیو ریکوری کی شرح بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جہاں آپریشنل سپورٹ درکار ہو وہاں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ ریونیو ڈائریکٹوریٹس کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گھریلو کنکشنز بالعموم اور کمرشل صارفین بالخصوص بڑھائے جائیں اور کمرشل صارفین سے وصولیوں میں اضافہ کیا جائے تاکہ مجموعی ریونیو ریکوری میں بہتری آئے۔
ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ ریونیو افسران اور عملے کو ہفتہ وار ریکوری اہداف دیے جائیں اور ان کے حصول کے لیے بھرپور محنت اور لگن سے کام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں آپریشنل مسائل درپیش ہوں وہاں آپریشنز ڈائریکٹوریٹ سے مکمل تعاون حاصل کیا جائے تاکہ عوامی مسائل حل کر کے بلوں کی ادائیگی کے لیے صارفین کو آمادہ کیا جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ریونیو ریکوری کے اہداف حاصل کرنے والے افسران و عملے کو انعام دیا جائے گا جبکہ ناکامی کی صورت میں سزا بھی دی جائے گی، کیونکہ اب جزا و سزا کے واضح نظام کے تحت ریونیو ریکوری میں اضافہ یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر آئی اینڈ سی شہریار حسن، ڈائریکٹرز ریونیو محمد اقبال ملک اور عمر افتخار، ڈپٹی ڈائریکٹرز فرحان علی، ظفر اقبال قادری، حافظ معین احمد، پرویز اقبال چدھڑ، عبدالرؤف بٹ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی