بحالی پروگرام مکمل کرنے کی صورت میں پابندی صرف ایک ماہ رہ جائے گی، پاکستانی آل راؤنڈر جلد کرکٹ میں واپسی کے اہل ہو سکتے ہیں۔
دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے اسپن بولنگ آل راؤنڈر محمد نواز کو اینٹی ڈوپنگ کوڈ کی خلاف ورزی پر تین ماہ کے لیے نااہل قرار دے دیا ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق محمد نواز کی معطلی کا اطلاق یکم مئی 2026 سے ہوگا، جس کے باعث وہ اس مدت کے دوران کسی بھی بین الاقوامی یا ڈومیسٹک کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
آئی سی سی نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اگر محمد نواز آئی سی سی سے منظور شدہ منشیات کے استعمال سے بحالی (Substance of Abuse Rehabilitation Programme) کا پروگرام کامیابی سے مکمل کر لیتے ہیں تو ان کی سزا تین ماہ سے کم ہو کر صرف ایک ماہ رہ جائے گی۔
اس صورت میں پاکستانی آل راؤنڈر مقررہ وقت سے پہلے ہی کرکٹ کے میدان میں واپسی کے اہل ہو جائیں گے۔
آئی سی سی نے واضح کیا کہ اینٹی ڈوپنگ قوانین کا مقصد کھیل کی شفافیت اور منصفانہ مقابلے کو یقینی بنانا ہے، جبکہ تمام کھلاڑیوں پر لازم ہے کہ وہ عالمی ضابطہ اخلاق کی مکمل پابندی کریں۔
محمد نواز پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں نمائندگی کر چکے ہیں اور محدود اوورز کی کرکٹ میں اپنی اسپن بولنگ اور جارحانہ بیٹنگ کی بدولت اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
تاحال محمد نواز یا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے اس فیصلے پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔






