*ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینئر سید عاطف شمیم کا ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر حقوقِ کشمیر احتجاج سے خطاب*
*بانی و قائدِ تحریک جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کا ایک ایک کارکن کشمیریوں کی پُر امن جدوجہد کی مکمل حمایت کرتا ہے ۔ عاطف شمیم*
مورخہ 9 جون 2026 (ہیوسٹن ، ٹیکساس):
متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے ڈپٹی کنوینئر سید عاطف شمیم اور ہیوسٹن چیپڑ کے ذمہ داران و کارکنان نے ہیوسٹن میں پاکستانی قونصلیٹ کے باہر کشمیری کمیونٹی کی جانب سے منعقدہ حقوقِ کشمیر احتجاجی مظاہرے میں ایم کیو ایم کی نمائندگی کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی اور شرکاء سے خطاب کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سید عاطف شمیم نے کہا کہ ایم کیو ایم کشمیر کے معاملے پر قائدِ تحریک جناب الطاف حسین کے اصولی مؤقف کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر الطاف حسین کا بیان کشمیری عوام کے درد، مظلومیت اور حقِ حاکمیت کی حقیقی ترجمانی کرتا ہے۔
سید عاطف شمیم نے کہا کہ ہم نے بچپن سے کشمیر کے لیے کیمپ لگتے دیکھے، مساجد میں چندے ہوتے دیکھے اور اپنے بزرگوں سے سنا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، لیکن آج اسی کشمیر کے عوام ظلم، جبر، محرومی اور ریاستی بے حسی کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ بلوچستان، سندھ، کراچی اور خیبرپختونخوا کے بعد کیا اب کشمیر میں بھی عوامی آواز کو طاقت کے ذریعے دبایا جائے گا؟
انہوں نے راولاکوٹ سمیت دیگر علاقوں میں ہونے والی شہادتوں اور جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام پر تشدد، ان کے بنیادی حقوق کی پامالی اور ان کی آواز کو دبانا قابلِ مذمت ہے۔ ریاستِ پاکستان کو سنجیدگی سے سوچنا ہوگا کہ وہ کشمیر اور کشمیری عوام کے ساتھ اپنا رویہ کیا رکھنا چاہتی ہے۔
سید عاطف شمیم نے مطالبہ کیا کہ کشمیری عوام کے جائز مطالبات کو فوری طور پر تسلیم کیا جائے، طاقت کے استعمال کا سلسلہ بند کیا جائے، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے، شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے اور کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق خود کشمیریوں کے سپرد کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان، برطانیہ، ٹیکساس، واشنگٹن، نیویارک اور دنیا کے دیگر شہروں میں کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہونے والے ہر احتجاج اور ہر آواز کے ساتھ جناب الطاف حسین، ایم کیو ایم اور اس کا ایک ایک کارکن کھڑا ہے۔ ایم کیو ایم کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت، حقِ حاکمیت، بنیادی انسانی حقوق اور انصاف کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے کشمیری پرچم اور جموں کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے بینرز اٹھا رکھے تھے، جبکہ احتجاج میں درج ذیل نعرے اور پیغامات نمایاں رہے:
کشمیر لہو لہو ہے ,کشمیر کو انصاف دو, کشمیریوں کے حقوق بحال کرو, راولاکوٹ کے شہداء کو سلام, ریاستی جبر نامنظور, کشمیر کی آواز، ہماری آواز کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دو,
کشمیر میں ظلم بند کرو —–
سید عاطف شمیم نے اپنے خطاب کے اختتام پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم مظلوم عوام کے حقوق، انصاف اور آزادیِ اظہار کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔ آخر میں انہوں نے پرجوش انداز میں *“انقلاب زندہ باد”* کا نعرہ بھی لگایا۔
⭐️⭐️⭐️⭐️⭐️
