میزئی اڈہ میں فائرنگ، اے این پی رہنما دولت خان پیرعلیزئی جاں بحق، 4 افراد زخمی
میزئی اڈہ (سید سردار محمد خوندئی) گزشتہ شب جنگل پیرعلیزئی بازار میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے صوبائی رہنما اور پیرعلیزئی میڈیا سیکرٹری دولت خان پیرعلیزئی کو قتل کر دیا، جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد زخمی بھی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق حملہ اس وقت کیا گیا جب دولت خان پیرعلیزئی اپنے نجی میڈیکل اسٹور کے سامنے موجود تھے۔ فائرنگ کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
واقعے کے فوراً بعد جاں بحق اور زخمی افراد کو میزئی اڈہ ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ تاحال کسی گروہ نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
خاندانی ذرائع کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما دولت خان پیرعلیزئی کو آج منگل کے روز ان کے آبائی علاقے پیرعلیزئی میں سپرد خاک کیا جائے گا۔
دریں اثنا عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے اپنے ایک مذمتی بیان میں کہا ہے کہ دولت خان پیرعلیزئی کی ٹارگٹ کلنگ میں شہادت انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون بلوچ وطن میں بڑھتی ہوئی بدامنی، ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت کے واقعات حکومت اور ذمہ دار اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتے ہیں۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ آخر کب تک عوام، سیاسی کارکن اور بے گناہ شہری عدم تحفظ کا شکار رہیں گے جبکہ قاتل دندناتے پھرتے رہیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید دولت خان پیرعلیزئی کا قتل صرف ایک فرد کا قتل نہیں بلکہ جمہوری سیاست اور پرامن سیاسی جدوجہد پر حملہ ہے۔
انہوں نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے، بصورت دیگر عوام کے تحفظ میں مسلسل ناکامی کی ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔