منشیات کے مبینہ بوگس مقدمات پر اہم پیش رفت، متاثرین کو انکوائری میں شامل کرنے کا مطالبہ
لالہ روبن ڈینیئل اور پرویز اقبال بھٹی کی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خاں سے ملاقات، شراب پرمٹ ہولڈرز کو نشانہ بنانے پر تحفظات
فیصل آباد: لالہ روبن ڈینیئل اور پرویز اقبال بھٹی نے میاں طاہر جمیل ایم پی اے کی وساطت سے وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خاں سے اہم ملاقات کی جس میں شہر میں منشیات کے مبینہ بوگس مقدمات کے قیام کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی اس موقع پر میاں طاہر جمیل ایم پی اے اور رانا شہریار خاں ایم پی اے نے فیصل آباد میں منشیات کے مقدمات کے حوالے سے توجہ دلاؤ نوٹس پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور بتایا کہ سپیکر پنجاب اسمبلی کی ہدایت پر وزیر قانون پنجاب کی سربراہی میں ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ملاقات کے دوران درخواست پیش کی گئی کہ فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے مسیحی متاثرین کو بھی اس انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش ہونے اور اپنے مؤقف کی وضاحت کا موقع دیا جائے جن کے خلاف مبینہ طور پر منشیات کے سنگین مقدمات درج کیے گئے ہیں درخواست گزاروں کا مؤقف تھا کہ کئی افراد جو صرف شراب کے قانونی پرمٹ ہولڈرز ہیں انہیں بلاجواز آئس، چرس اور ہیروئن جیسے مقدمات میں ملوث کر کے 9 بی اور سی کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں جو نہ صرف زیادتی بلکہ انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے درخواست میں مزید کہا گیا کہ مذکورہ منشیات ان کی آبادیوں کی پیداوار نہیں ہیں بلکہ جب بھی منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کا دباؤ بڑھتا ہے تو قانون نافذ کرنے والے ادارے آسان ہدف کے طور پر شراب پرمٹ ہولڈرز کو نشانہ بناتے ہیں جس سے بے گناہ افراد متاثر ہو رہے ہیں اور انصاف کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ ہے ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ انکوائری شفاف، غیر جانبدار اور حقائق پر مبنی ہونی چاہیے تاکہ متاثرہ افراد کو انصاف مل سکے اور ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے