ایف سی بلوچستان نے امن و امان کے قیام اور سپورٹس کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔ عبدالشکور خان اچکزئی
آل بلوچستان بنیان المرصوص معرکہ حق کرکٹ ٹورنامنٹ صادق کرکٹ گراؤنڈ چمن میں بدھ کے روز پہلا میچ چمن زلمئی کرکٹ کلب اور ایف سی کرکٹ کلب چمن کے درمیان کھیلا گیا۔ میچ کے مہمان خصوصی قبائلی و سماجی رہنماء حاجی عبدالشکور خان اچکزئی تھے جبکہ ان کے ہمراہ سابق صدر پریس کلب اختر گلفام، سخی محمد راز، محمد نسیم اور نعمت اللہ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مہمانوں کا دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا اور گروپ فوٹو بھی بنایا گیا۔
کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے حاجی عبدالشکور خان اچکزئی نے کہا کہ سپورٹس کے میدان میں فرنٹیئر کور چمن سکاوٹس برگیڈ کی خدمات نمایاں ہیں۔ ایف سی نے امن و امان کے قیام کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے اور مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے باقاعدگی سے ٹورنامنٹس کا انعقاد اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ پاک فوج اور ایف سی نارتھ بلوچستان چمن سکاوٹس برگیڈ نوجوانوں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے کھیلوں کے مقابلوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں میں مصروف رکھنا، امن کا پیغام دینا اور علاقے میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ مقامی کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور آگے بڑھنے کے مواقع میسر آ سکیں۔
آخر میں ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن چمن کے سابق صدر اختر گلفام نے کوارٹر فائنل میچ جیتنے والی زلمئی کرکٹ کلب کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات بھی تقسیم کیے۔