ایم کیو ایم کے بانی و قائد جناب الطاف حسین اور اراکین رابطہ کمیٹی نے واسع جلیل کو ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت پر مبارکباد پیش کی
لندن، 24 مئی 2026ء: متحدہ قومی موومنٹ کے بانی و قائد جناب الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین نے واسع جلیل کو ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔
گزشتہ روز ہیوسٹن میں ہونے والی پریس کانفرنس کے بعد جناب الطاف حسین نے واسع جلیل سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں “ویلکم بیک” کہا اور ان کی واپسی کو تحریک کیلئے نیک شگون قرار دیا۔
بانی و قائد جناب الطاف حسین نے کہا کہ:
“تمہاری شمولیت تحریک کیلئے نیک شگون ثابت ہو، اللہ تعالیٰ تمہیں صحت و تندرستی عطا فرمائے، بچوں کی خوشیاں دکھائے، تمہیں ثابت قدم رکھے اور تم تحریک کیلئے ایک مضبوط ستون ثابت ہو۔”
انہوں نے مزید کہا کہ:
“یقیناً ہمت سے ہمت جنم لیتی ہے اور بہادری سے بہادری جنم لیتی ہے۔ آج تم نے ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا، تمہارے اس قدم سے دوسرے لوگوں میں بھی ہمت پیدا ہوگی۔”
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے اراکین نے بھی فرداً فرداً واسع جلیل کو تحریک میں دوبارہ شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
جناب الطاف حسین نے ہیوسٹن چیپٹر کے ذمہ داران اور کارکنان کو پریس کانفرنس کے بہترین انتظامات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پریس کانفرنس کو لائیو نشر کرنے والی سوشل میڈیا ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہا اور ان کی کاوشوں کو قابل تعریف قرار دیا۔
واضح رہے کہ واسع جلیل نے ہیوسٹن، ٹیکساس میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران ایم کیو ایم میں دوبارہ شمولیت کا اعلان کیا تھا اور بانی قائد الطاف حسین، رابطہ کمیٹی اور کارکنان سے علیحدگی کے فیصلے پر معافی بھی مانگی تھی۔
