جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے جامعہ میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ کے لیے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا.

کوئٹہ
جامعہ بلوچستان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے نیشنل آؤٹ ریچ پروگرام برائے فیکلٹی ٹئیر-I لیکچررز و اسسٹنٹ پروفیسرز کی چار ہفتوں پر مشتمل تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کرتے ہوئے پروگرام کا باقاعدہ کر دیا۔
یہ تربیتی پروگرام 29 جون سے 20 جولائی 2026 تک جاری رہے گا، جس کا انعقاد یونیورسٹی ٹریننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سینٹر ، جامعہ بلوچستان نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن NAHE، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے کیا ہے۔ پروگرام کا مقصد جامعہ کے اساتذہ کی تدریسی، تحقیقی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لانا اور انہیں جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر غلام رزاق شاہوانی، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن NAHE، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جناب طاہر محمود، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندہ جناب احسن یونس، فیکلٹی آف مینجمنٹ سائنسز کی ڈین پروفیسر ڈاکٹر صوبیہ رمضان، ڈائریکٹر یو ٹی ڈی سی جہانگیر خان سمیت جامعہ کے اساتذہ اور مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے ڈاکٹر نور آمنہ ملک، منیجنگ ڈائریکٹر، نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن NAHE، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ بلوچستان کے اساتذہ کے لیے اس چار ہفتوں پر مشتمل تربیتی پروگرام کا انعقاد ایک قابلِ قدر اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ ترقی دراصل طلبہ کے روشن مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ تربیت کے دوران حاصل ہونے والے علم، مہارتوں اور جدید تدریسی طریقوں کو اپنی تدریس میں بروئے کار لائیں تاکہ طلبہ کو اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے اور جامعہ میں تدریس و تحقیق کا معیار مزید بلند ہو۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر یو ٹی ڈی سی جہانگیر خان نے مہمانوں اور شرکاء کو خوش آمدید کہا اور پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔
پروفیسر ڈاکٹر صوبیہ رمضان نے اپنے خطاب میں اساتذہ کی مسلسل پیشہ ورانہ تربیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ طاہر محمود نے جدید تدریسی تقاضوں سے ہم آہنگ رہنے کے لیے اساتذہ کی تربیت کو ناگزیر قرار دیا، جبکہ جناب احسن یونس نے جامعہ بلوچستان میں اس پروگرام کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے فیکلٹی کی استعدادِ کار میں اضافے کے لیے اس کی اہمیت اجاگر کی۔
تربیتی پروگرام کے پہلے سیشن میں ریسورس پرسن ڈاکٹر گوہر ملغانی نے “کمیونیکیشن اسکلز” کے موضوع پر تفصیلی اور تعاملی سیشن دیا، جس میں مؤثر ابلاغ، تدریسی مہارت، قائدانہ صلاحیتوں اور طلبہ کے ساتھ بہتر رابطے کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے معزز مہمانوں اور ریسورس پرسن کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری شیلڈز پیش کیں۔