پاکستان کیتھولک بشپ کانفرنس کا 11 سے 16 مئی تک ویٹی کن اور روم کا اہم دورہ

پوپ لیو چہاردہم سے 15 مئی کو اجتماعی ملاقات، بین المذاہب ہم آہنگی اور چرچ امور پر تبادلہ خیال ہوگا

فیصل آباد: بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت ڈایوسیس آف فیصل آباد نے کہا ہے کہ پاکستان کیتھولک بشپ کانفرنس کے اراکین 11 سے 16 مئی 2026 تک روم اور ویٹی کن کا اہم دورہ کریں گے جہاں وہ پوپ لیو چہاردہم سے بھی ملاقات کریں گے۔ انہوں نے اپنے بیان میں بتایا کہ ’’ایڈ لیمنہ‘‘ دورہ ہر پانچ سال بعد منعقد کیا جاتا ہے جس کا مقصد دنیا بھر کے کیتھولک بشپ صاحبان اور پوپ کے درمیان رابطے اور تعلق کو مضبوط بنانا ہوتا ہے۔

بیان کے مطابق پاکستانی بشپ صاحبان ویٹی کن کے مختلف شعبوں کے حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور پاکستان میں مسیحی برادری، چرچ کے امور، درپیش مسائل اور مختلف مذاہب کے درمیان ہم آہنگی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے کہا کہ ہر بشپ نے اپنے متعلقہ علاقے میں چرچ کی صورتحال سے متعلق تفصیلی رپورٹ پہلے ہی ویٹی کن بھجوا دی ہے تاکہ پوپ پاکستان میں چرچ کی موجودہ صورتحال سے آگاہ ہو سکیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 15 مئی کو پاکستانی بشپ صاحبان کی پوپ لیو چہاردہم سے اجتماعی ملاقات ہوگی جبکہ وفد روم کے اہم گرجا گھروں میں خصوصی دعائیہ تقریبات میں بھی شرکت کرے گا۔ بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس دورے کی کامیابی اور عالمی امن کے لیے خصوصی دعا کریں۔