صوبوں کی انتظامی تقسیم کا شوشہ وسائل ہڑپ کرنے کی کوشش ہے، اصغر خان اچکزئی

عوامی نیشنل پارٹی قومی بنیادوں پر وحدتوں کی ازسرنو تشکیل کی حامی ہے، صوبائی صدر اے این پی

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ انتظامی بنیادوں پر صوبوں کی تقسیم کا کوئی بھی منصوبہ عوامی نیشنل پارٹی کو ہرگز قبول نہیں۔ اے این پی ہمیشہ سے ملک کے اندر قومی بنیادوں پر وحدتوں کی ازسرنو تشکیل کی حامی رہی ہے تاہم اس عمل کی بنیاد زبان، تاریخ، ثقافت اور جغرافیہ پر ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بعض قوتوں کی جانب سے صوبوں کی انتظامی تقسیم کا شوشہ چھوڑنا دراصل باقی ماندہ وسائل کو ہڑپ کرنے کی ایک منظم کوشش ہے جسے پشتون اور بلوچ باشعور عوام بخوبی سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک اس وقت شدید سیاسی و معاشی تناؤ کا شکار ہے جہاں بے روزگاری، بدامنی، بیڈ گورننس، انتہا پسندی اور دہشت گردی اپنی انتہا کو پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ تین سالوں سے ڈیورنڈ لائن سے متصل تجارت کی بندش اور آمدورفت پر قدغن پشتون اولس کا معاشی قتل عام ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمن میں صدر تحصیل کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن سے صوبائی جنرل سیکرٹری مابت کاکا، مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل عبیداللہ عابد، ضلعی صدر عبدالخالق حقمل، ضلع پشین کے صدر اصغر علی ترین، تحصیل صدر عصمت وارخطا، ضلعی سینئر نائب صدر چیئرمین گل زمان، تحصیل جنرل سیکرٹری محمد اکرم، نجیب خان، ماسٹر شراف الدین و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ورکرز کنونشن تحصیل صدر عصمت وارخطا کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں کثیر تعداد میں ذمہ داران اور کارکنوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر تحصیل سیکرٹری نے کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر شرکا نے تفصیلی بحث کرتے ہوئے آئندہ پارٹی فعالیت کے لیے تجاویز پیش کیں۔

مقررین نے کہا کہ پارٹی کارکن عوامی نیشنل پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں اور کارکنوں کی سیاسی و تنظیمی تربیت وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ عوام کو درپیش قومی، معاشی اور سیاسی مسائل کے حل اور قومی حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی یونٹس، تحصیل اور ضلعی سطح کے عہدیداران عوام کے ساتھ رابطے مضبوط بنائیں اور گاؤں گاؤں، محلہ محلہ جا کر عوامی مسائل سے آگاہی حاصل کریں۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ اصولی سیاست، جمہوری روایات، آئینی بالادستی اور محکوم اقوام کے حقوق کے لیے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی ہر فورم پر عوام کے حقوق کی آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاسی کارکنوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ عوام میں شعور و آگاہی پیدا کریں اور نوجوان نسل کو مثبت سیاسی عمل کی جانب راغب کریں تاکہ وطن کو بحرانوں سے نکالنے میں مدد مل سکے۔