گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے ایچ ای سی ریجنل سینٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا
کوئٹہ (سید سردار محمد خوندئی) گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) ریجنل سینٹر کا سنگ بنیاد رکھتے ہوئے اسے بلوچستان کی تعلیمی تاریخ کا ایک اہم اور تاریخی سنگ میل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک ریجنل سینٹر نہیں بلکہ ایک تعلیم یافتہ بلوچستان کے دیرینہ خواب کی تعبیر ہے، جو صوبے میں اعلیٰ تعلیم، تحقیق اور تعلیمی معیار کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پورے پاکستان کی تقریباً 300 پبلک سیکٹر یونیورسٹیوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریجنل سینٹر کا قیام بلوچستان کے طلبہ، اساتذہ اور جامعات کے لیے نئی سہولیات اور مواقع پیدا کرے گا۔
اس موقع پر چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، وائس چانسلر ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق، وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹر گل حسن، وائس چانسلر یونیورسٹی آف لورالائی ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ، وائس چانسلر میر چاکر خان رند یونیورسٹی سبی پروفیسر ڈاکٹر ممتاز علی بلوچ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عالم ترین اور متعدد ماہرین تعلیم شریک تھے۔
گورنر بلوچستان نے منصوبے کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ اخراجات میں کمی اور پائیدار توانائی کے فروغ کے لیے ریجنل سینٹر کو جدید سولر انرجی سسٹم پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے اس منصوبے میں ایک گیسٹ ہاؤس شامل کرنے کی بھی سفارش کی تاکہ مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں سے آنے والے ماہرین اور مہمانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ زیر تعمیر منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرتے ہوئے تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ واضح رہے کہ 78.61 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا ایچ ای سی ریجنل سینٹر رواں سال کے اختتام تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔
گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ اس ریجنل سینٹر کے قیام سے بلوچستان بھر کی جامعات اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان رابطے مضبوط ہوں گے جبکہ تحقیق، جدت اور علمی سرگرمیوں کے فروغ میں بھی نمایاں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ایک انتظامی قدم ہے بلکہ ایک بڑی تعلیمی اور ترقیاتی تبدیلی کی بنیاد بھی ثابت ہوگا۔
انہوں نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف اور چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد اختر کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے وژن اور کاوشوں کی بدولت بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت ممکن ہوئی ہے۔
گورنر بلوچستان نے کہا کہ وفاق اور صوبہ مل کر معیاری تعلیم کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور اس منصوبے کے ثمرات آنے والی نسلوں تک منتقل ہوں گے۔ انہوں نے قومی سطح کے الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر بھی زور دیا کہ وہ اس تاریخی تعلیمی منصوبے کی بھرپور کوریج کریں تاکہ عوام کو اس اہم پیش رفت سے آگاہی حاصل ہو سکے۔