چمن میں پاکستان اور پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی ریلی

چمن( سید سردار محمد خوندئی ) سرحدی شہر چمن میں پاکستان مسلم لیگ (ق)، پشتون قبائلی و سماجی رہنماؤں کی جانب سے معرکۂ حق کے ایک سال مکمل ہونے پر ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈاکٹر رفیع اللہ اچکزئی نے کی۔ یہ ریلی ریلوے روڈ سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مال روڈ پر ڈپٹی کمشنر کمپلیکس کے سامنے اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رفیع اللہ اچکزئی اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان عالم اسلام کے لیے ایک عظیم مملکت ہے اور یہ ملک ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ دشمن قوتیں پاکستان کے خلاف مختلف سازشیں کرتی رہی ہیں لیکن پاک فوج اور سیکیورٹی اداروں نے ہمیشہ قربانیاں دے کر وطن عزیز کا دفاع کیا ہے۔

شرکاء نے پاک فوج، سیکیورٹی اداروں اور پاکستان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی اور مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر ملک دشمن عناصر منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں لیکن پاکستانی فورسز اندرونی و بیرونی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔