اے سی ساہیوال ماہم واحد کا پولیو مہم کا معائنہ

اے سی ساہیوال ماہم واحد کا پولیو ٹیموں اور ٹرانزٹ پوائنٹس کا معائنہ

والدین سے تعاون کی اپیل، مائیکرو پلان پر سختی سے عملدرآمد کا حکم

ساہیوال (طیّب حبیب خان بیورو چیف ساہیوال ڈویژن)

اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے ضلع بھر میں جاری پولیو مہم کے سلسلے میں تحصیل ساہیوال کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے مختلف رہائشی علاقوں اور بس و ویگن اسٹینڈز کا دورہ کیاجہاں انہوں نے پولیو ٹیموں کی حاضری، بچوں کو قطرے پلانے کے عمل، ریکارڈ کی درستگی اور مائیکرو پلان پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ گھر گھر جا کر پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنائیں اور کسی بھی بچے کو اس حفاظتی مہم سے محروم نہ رہنے دیں۔اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد نے ٹرانزٹ پوائنٹس خصوصاً بس اور ویگن اسٹینڈز پر تعینات ٹیموں کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ سفر کرنے والے بچوں کو ہر صورت پولیو ویکسین دی جائے تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو لازمی پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں کیونکہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے بچاؤ صرف ویکسین کے ذریعے ہی ممکن ہے۔انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ضلع ساہیوال کو پولیو فری بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور مہم کو ہر صورت کامیاب بنایا جائے گا۔