0

ای بز پنجاب پورٹل پر سروسز میں تعطل برداشت نہیں کیا جائے گا قائمقام ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: ایف ڈی اے کے قائمقام ڈائریکٹر جنرل قیصر عباس رند نے ہدایت کی ہے کہ حکومت پنجاب کے ’’ای بز پنجاب‘‘ پورٹل پر محکمانہ سروسز کی فراہمی میں کسی قسم کی رکاوٹ یا تعطل نہیں آنا چاہیے اور اس سلسلے میں موصول ہونے والی درخواستوں کو فوری اور مؤثر کارروائی کے ذریعے بلا تاخیر نمٹایا جائے۔

اجلاس میں آن لائن نظام کا جائزہ

یہ ہدایات انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں جس میں ’’ای بز پنجاب‘‘ پورٹل کے ذریعے فراہم کی جانے والی محکمانہ سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی یاسر اعجاز چٹھہ، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی عثمان رامے، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اقراء مرتضیٰ سمیت دیگر افسران شریک تھے۔
قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ حکومت پنجاب کاروبار میں آسانی کے فروغ کے لیے متعلقہ محکموں کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ’’ای بز پنجاب‘‘ منصوبے پر عمل پیرا ہے اور اس پورٹل پر موصول ہونے والی درخواستوں پر صوبائی سطح پر باقاعدہ نگرانی کی جا رہی ہے، لہٰذا ایف ڈی اے سے متعلق کوئی بھی درخواست بلاوجہ زیر التواء نہیں رہنی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام آن لائن سہولیات کا نظام ہر وقت فعال رہنا چاہیے اور مختلف فیسوں و واجبات کی آن لائن وصولی کے عمل میں کسی قسم کی تکنیکی یا انتظامی رکاوٹ نہیں ہونی چاہیے۔ اسی طرح متعلقہ دستاویزات میں کسی بھی قسم کا ابہام یا کمی نہیں ہونی چاہیے تاکہ درخواست گزاروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے
اجلاس میں بتایا گیا کہ ’’ای بز پنجاب‘‘ پورٹل کے ذریعے زمینوں کے استعمال میں تبدیلی، عمارات کے نقشہ جات کی منظوری اور تعمیرات کے اجازت ناموں کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ قائمقام ڈائریکٹر جنرل نے ہدایت کی کہ متعلقہ افسران پورے عمل کی کڑی نگرانی کریں اور اگر کسی درخواست کے ساتھ دستاویزی کمی، قانونی رکاوٹ یا پالیسی کے برخلاف کوئی معاملہ ہو تو درخواست گزار کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اصلاح ممکن ہو سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے شفافیت، رفتار اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں