(Publish from Houston Texas USA)
رپورٹ :(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
علماء معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے آگے آئیں اور اپنا اہم کردار ادا کریں۔ڈی سی ساہیوال
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے علماء کرام پر زور دیا ہے کہ وہ معاشرے میں بھائی چارے کے فروغ اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنے کے لیے آگے آئیں اور اپنا اہم کردار ادا کریں۔ ضلعی انتظامیہ مختلف مکاتب فکر کے علماء کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں جسے مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ خطے میں دینی تعلیم کے فروغ میں جامعہ فریدیہ کا امتیازی مقام ہے جس پر جامعہ کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے یہ بات جامعہ فریدیہ کے 65 ویں سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو، مہتمم جامعہ فریدیہ ڈاکٹر محمد مظہر فرید شاہ، محمد اظہر فرید، حاجی احسان الحق فریدی اور معززین شہر کی کثیر تعداد نے بھی شرکت کی۔ ڈی پی او محمد عثمان ٹیپو نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس کا مقصد عوام کی خدمت ہے اور عوامی شکایات کے حل کے لیے ان کے دفتر کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ مہتمم جامعہ فریدیہ ڈاکٹر محمد مظہر فرید نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ ہر انسان اعلی اخلاقی قدروں کو اپنائے اور وہ اپنے قول و فعل سے پڑوس، ہم سفر اور عزیز و اقارب کا دل جیتے۔ انہوں نے کہا کہ علماء اپنے عمل اور کردار سے دوسروں کے لیے مشعل راہ بنیں تاکہ ان کی بات کا دیرپا اثر ہو۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ جامعہ فریدیہ میں اس سال 700 طلبہ کو اسناد دی جا رہی ہیں اور اب تک جامعہ سے 19238 طلبہ فارغ التحصیل ہو چکے ہیں جب کہ جامعہ میں 2200 طلبہ کے قیام و طعام کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے۔ اجلاس میں بانی جامعہ فریدیہ پیر ابو النصر منظور احمد شاہ کے بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
