(Publish from Houston Texas USA)
رپورٹ:(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)
ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کا اجلاس منٹگمری ہال میں منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) کیپٹن (ر) اسامہ مجید چیمہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نیاز احمد مغل اور اسسٹنٹ کمشنر ماہم واحد سمیت تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں سانحہ گل پلازہ کراچی کے تناظر میں میونسپل کارپوریشنز/کمیٹیز اور ضلع کونسل کی حدود میں واقع 24 ہائی رسک عمارتوں کےفائر سیفٹی آڈٹ کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے ریسکیو 1122کو ہدایت کی کہ فوری طور پر ٹیمیں تشکیل دے کر ان عمارتوں کا وزٹ کیا جائے اور 24 گھنٹوں کے اندر جامع رپورٹ ڈی سی آفس میں پیش کی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے شہر میں موجود تمام فائر ہائیڈرنٹس اور واٹر فلنگ اسٹیشنز کی مکمل فعالیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے پیسیپ پراجیکٹ کے تحت 100 واٹر فلنگ اسٹیشنز کو فعال کر کے جلد متعلقہ محکمے کے حوالے کرنے کا بھی حکم دیا۔اجلاس میں حساس مقامات کی نشاندہی اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کی صورت میں مؤثر ٹریفک مینجمنٹ پلان ہر وقت تیار رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت قطعی طور پر برداشت نہیں کی جائے گی۔
