0

مدینہ ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف ایف ڈی اے کا کریک ڈاؤن، 23 جائیدادیں سیل

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں میں غیر قانونی کمرشلائزیشن کے خلاف آپریشن تیز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مدینہ ٹاؤن میں 23 جائیدادوں کو سربمہر کر دیا جہاں غیر قانونی طور پر دکانیں قائم کی گئی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی اسٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف رہائشی کالونیوں کا معائنہ کیا تو مدینہ ٹاؤن میں متعدد جائیدادوں میں بغیر منظوری دکانیں اور دیگر کاروباری تعمیرات قائم پائی گئیں جبکہ بعض مالکان نے کمرشلائزیشن کی منظوری حاصل کرنے کے باوجود تشخیص کردہ واجبات جمع نہیں کروائے تھے جس پر کارروائی کرتے ہوئے دکانوں اور دیگر تعمیرات کو سیل کر دیا گیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیے گئے ہیں۔ سربمہر کی گئی جائیدادوں میں مدینہ ٹاؤن کے ڈبلیو، وائی، ایکس اور دیگر بلاکس شامل ہیں۔ ایف ڈی اے انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ رہائشی جائیدادوں کو کاروباری مقاصد کے لئے استعمال کرنے سے قبل طے شدہ قوانین و ضوابط کے مطابق کمرشلائزیشن کی باقاعدہ منظوری حاصل کی جائے اور تمام واجبات جمع کرائے جائیں بصورت دیگر مزید خلاف ورزیوں پر قصوروار عناصر کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کروائے جا سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں