0

فیصل آباد ڈویژن میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 9 میگا منصوبے، مون سون سے قبل تکمیل کا ہدف

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ترقیاتی ویژن کے تحت فیصل آباد ڈویژن کی تاریخ کا مثالی پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام متعارف کرایا گیا ہے جس کے ذریعے نچلی سطح پر عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت فیصل آباد ڈویژن کے تین اضلاع فیصل آباد، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں اربوں روپے کی لاگت سے 9 میگا منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ فیصل آباد میں تحصیل سٹی، جڑانوالہ، تاندلیانوالہ اور چک جھمرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمالیہ، گوجرہ اور تحصیل ٹوبہ ٹیک سنگھ جبکہ ضلع جھنگ کی تحصیل جھنگ میں اربن ڈویلپمنٹ اور لوکل گورنمنٹ کی سکیمیں آئندہ مون سون سے قبل مکمل کی جائیں گی۔ اس حوالے سے کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنرز نے منصوبوں پر بریفنگ دی اور بتایا گیا کہ منصوبوں کے تحت ٹف ٹائلز کی تنصیب، سیوریج لائنز کی اپ گریڈیشن اور سینیٹیشن سے متعلق مسائل کا ازالہ کیا جائے گا۔ کمشنر فیصل آباد نے ماسٹر پلاننگ، ٹینڈرنگ اور ورک ایوارڈ کے عمل کو بلا تاخیر مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز نیسپاک، لوکل گورنمنٹ اور پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے درمیان مکمل کوآرڈینیشن یقینی بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ورک ایوارڈ کے فوری بعد ترقیاتی کام ڈبل شفٹ میں شروع کیے جائیں اور وہ خود ہر ہفتہ متعلقہ تحصیلوں کے دورے کرکے منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیں گے۔ کمشنر فیصل آباد نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام پر مؤثر، تیز رفتار اور معیاری عملدرآمد کی ہدایت کی ہے لہذا ڈپٹی کمشنرز اس پروگرام کو اولین ترجیح سمجھتے ہوئے اس کی براہ راست نگرانی کریں کیونکہ بروقت تکمیل اور معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں