0

صارفین کے حقوق کاتحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ناجائز منافع خوری اور غیر معیاری مصنوعات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال چوہدری شاہد شبیر

(Publish from Houston Texas USA)

(طیب حبیب خان بیوروچیف ساہیوال ڈویژن)

صارفین کے حقوق کاتحفظ ہماری اولین ترجیح ہے، ناجائز منافع خوری اورغیرمعیاری مصنوعات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال چوہدری شاہد شبیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال نے عوام کو غیر معیاری اور زائد المیعاد مصنوعات، ناجائز منافع خوری اور ناقص خدمات کے خلاف اپنے قانونی حقوق سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ صارفین کے مسائل کا فوری اور مؤثر ازالہ ادارے کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی صارف کو غیر معیاری یا زائد المیعاد اشیاء فروخت کی جائیں، کاروباری مراکز پر ریٹ لسٹ آویزاں نہ ہو، اشیاء کی پیکنگ پر اجزائے ترکیبی، تاریخ تیاری یا تاریخ اختتام درج نہ ہو تو یہ سراسر قانون کی خلاف ورزی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ غلط اور گمراہ کن تشہیر کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینا، یا کسی بھی سرکاری و غیر سرکاری ادارے یا فرم کی ناقص اور نامناسب خدمات کے باعث صارف کو ذہنی یا مالی پریشانی کا سامنا کرنا پڑے تو ایسے تمام معاملات قابلِ شکایت ہیں۔چوہدری شاہد شبیر کا کہنا تھا کہ صارفین ایک مطمئن معاشرے اور خوش حال معیشت کی بنیاد ہوتے ہیں، لہٰذا صارفین کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے آگے آئیں اور کسی بھی قسم کی زیادتی کی صورت میں کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال سے رجوع کریں۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیگل کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال چوہدری شاہد شبیر نے واضح کیا کہ کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال میں موصول ہونے والی شکایات کا قانون کے مطابق شفاف اور بروقت ازالہ کیا جاتا ہے تاکہ عوام کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔آخر میں انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خریداری کے دوران اشیاء کی مکمل جانچ پڑتال کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں بلا جھجھک کنزیومر پروٹیکشن کونسل ساہیوال تشریف لائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں