0

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال میاں محمد خالد عالم نے ضلع بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے ہمراہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔

(Publish from Houston Texas USA)

رپورٹ :(طیّب حبیب خان بیورو چیف ساہیوال ڈویژن)

چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ساہیوال میاں محمد خالد عالم نے ضلع بھر کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کے ہمراہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس کے آغاز پر تمام افسران کی جانب سے نئے تعینات ہونے والے سی ای او میاں محمد خالد عالم کو ساہیوال آمد اور حاضری پر خوش آمدید کہا گیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں ضلع ساہیوال کے تعلیمی نظام کی مجموعی صورتحال، سکولوں کی کارکردگی، اساتذہ و طلبہ کی حاضری، تعلیمی معیار میں بہتری اور جاری ترقیاتی منصوبہ جات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر سی ای او میاں محمد خالد عالم نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں باقاعدہ اور مؤثر وزٹس کو یقینی بنائیں اور سکولوں میں اساتذہ کی حاضری، طلبہ کی رجسٹریشن اور تدریسی عمل کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب کے تعلیمی ویژن کو عملی شکل دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس کے دوران سکولوں کی صفائی ستھرائی، خوبصورتی، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور سیکیورٹی کے انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سی ای او نے ہدایت کی کہ تمام سکولوں میں صاف ماحول، پینے کے صاف پانی، فعال واش رومز اور دیگر بنیادی سہولیات کی دستیابی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ مزید برآں، تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کرنے، کمزور طلبہ کے لیے اضافی کلاسز کے انعقاد اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت پر خصوصی زور دیا گیا۔ اجلاس کے اختتام پر سی ای او میاں محمد خالد عالم نے تمام افسران کو متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے اور عوامی خدمت کو اولین ترجیح بنانے کی تلقین کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں