0

یو ایس قونصل جنرل کی کمشنر فیصل آباد سے ملاقات، ترقیاتی و معاشی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

(Publish from Houston Texas USA)

(میاں افتخار احمد)

فیصل آباد: کمشنر فیصل آباد راجہ جہانگیر انور سے یو ایس قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز (Stetson Sanders) نے کمشنر آفس میں ملاقات کی۔ کمشنر/ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن نے یو ایس قونصل جنرل کو فیصل آباد کے دورے پر خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں دوطرفہ امور، ترقیاتی منصوبوں، معاشی اہمیت، تعلیم، زراعت، صنعت اور ماحولیاتی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

کمشنر فیصل آباد نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد پاکستان کا تیسرا بڑا شہر ہے جسے مانچسٹر آف پاکستان کہا جاتا ہے، جبکہ یہاں کی ٹیکسٹائل اور کپڑے کی مصنوعات دنیا بھر میں شہرت رکھتی ہیں۔ انہوں نے زراعت کے شعبے پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد ڈویژن میں رواں سیزن کے دوران ساڑھے 18 لاکھ ایکڑ کے ہدف کے مقابلے میں 19 لاکھ سے زائد ایکڑ پر گندم کاشت کی گئی، جو کسانوں کی محنت اور حکومتی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

کمشنر نے دوطرفہ ثقافتی تعلقات کے فروغ پر زور دیتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں فیصل آباد کی جامعات میں غیر ملکی طلبہ سمیت پاکستان کے دیگر صوبوں کے ہزاروں طلبہ اسکالرشپس پر اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے چھ ماہ قبل جھنگ اور چنیوٹ کے اضلاع میں آنے والے بدترین سیلاب کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 500 سے زائد دیہات متاثر ہوئے تاہم سیلاب متاثرین کی آبادکاری، انفراسٹرکچر کی بحالی اور امدادی پیکج کی فراہمی ایک بڑا چیلنج تھا جسے کامیابی سے مکمل کیا گیا۔

انہوں نے بطور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن شہریوں کو تیز رفتار میونسپل سروسز کی فراہمی کے لئے جاری اقدامات سے آگاہ کیا جن میں سڑکوں کی مرمت و بحالی، سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن، اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت، بیوٹیفیکیشن اور پارکس کی تزئین و آرائش شامل ہیں۔ کمشنر نے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کے لئے قائم ڈسٹرکٹ انڈسٹریل ری لوکیشن کمیٹی کے بارے میں بتایا جس کا مقصد فضائی، شور اور ویسٹ واٹر پیدا کرنے والی صنعتوں کو شہر سے باہر صنعتی زونز میں منتقل کرنا ہے۔ صنعتی یونٹس کے بوائلرز اور پریشر ویسلز کی استعداد جانچنے کے لئے نجی کمپنیوں کے جاری سروے سے بھی آگاہ کیا گیا۔

کمشنر نے پینے کے صاف پانی اور ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کے غیر ملکی فنڈڈ منصوبوں، ٹریفک مینجمنٹ، فیول ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے پٹرول پمپس پر فیول کی جانچ، اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو الیکٹرک نظام میں تبدیل کرنے کے اقدامات پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے بھاری سبسڈی کے ذریعے کسانوں کو سیڈرز فراہم کئے جس سے فصلوں کی باقیات جلانے کے واقعات میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ کسانوں کی دہلیز پر آگاہی مہم بھی جاری ہے۔

کمشنر نے بتایا کہ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی میں اس وقت 41 غیر ملکی صنعتیں قائم ہیں جن میں 33 چینی صنعتیں شامل ہیں۔ انہوں نے ایکسپورٹس میں اضافے، جدید سکلز کے فروغ، اور ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کے اداروں کی بہتری کے لئے امریکی تعاون اور شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ کمشنر نے ڈویژن میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، 17 سال بعد فیصل آباد میں انٹرنیشنل کرکٹ کی کامیاب بحالی اور پاکستان و جنوبی افریقہ کے مابین تین ون ڈیز میچز کے انعقاد سے بھی آگاہ کیا۔

یو ایس قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز نے کہا کہ یہ ان کا پہلا دورہ فیصل آباد ہے اور شہر تیزی سے ترقی کی منازل طے کر رہا ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں سے متعلق سوالات کئے، جلد دوبارہ فیصل آباد آنے اور معاملات پر مزید بات چیت و فیڈبیک لینے کی خواہش ظاہر کی، اور بھرپور مہمان نوازی پر کمشنر فیصل آباد کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے اختتام پر کمشنر فیصل آباد نے یو ایس قونصل جنرل کو یادگاری شیلڈ پیش کی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں